11سال بھارت میں قید رہنےوالا پاکستانی وطن واپس پہنچ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)بھارت میں 11 سال سے قید وارث مسیح کو غیرقانونی طریقے سے بارڈر کراس کرنے اورمنشیات اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتارکیا گیا تھا، جسے حال ہی میں رہا کر کے واپس پاکستان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں 11 سال قید رہنے والا پاکستانی شہری وارث مسیح رہا ہوکر وطن واپس پہنچ گیا ہے۔پاکستانی ہائی کمیشن کی کوششوں سے رہائی پانے والے شہری کو واہگہ بارڈر پربھارتی بارڈرسیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے پاکستان رینجرز کے حوالے کیا۔
ذرائع کے مطابق وارث مسیح کا تعلق پنجاب کے سرحدی علاقے نارووال کے گاؤں سے ہے۔ اسے امرتسر کے علاقہ رام داس میں 9مئی 2011 کو گرفتارکیا گیا تھا۔اسٹیٹ اسپیشل اسکواڈ امرتسر نے وارث مسیح کو غیرقانونی طریقے سے بارڈر کراس کرنے اورمنشیات اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتارکیا تھا۔ پاکستانی شہری کو امرتسر کی سینٹرل جیل میں رکھا گیا جہاں سے رہائی کے بعد وارث مسیح واہگہ بارڈر کے راستے واپس پاکستان پہنچ گیا۔ تحقیقات کے بعد وارث مسیح کو اس کے ورثا کے سپرد کیا جائیگا۔
واضع رہے کہ پاکستان اوربھارت کی جیلوں میں ایک دوسرے ملک کے سینکڑوں شہری قید ہیں۔یکم جولائی 2022 کو دونوں ملکوں کے مابین قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کیا گیا تھا جس کے مطابق پاکستان کی مختلف جیلوں میں 682 بھارتی قیدی موجود ہیں ان میں 49 سویلین اور 633 ماہی گیر ہیں جبکہ بھارت کی مختلف جیلوں میں اس وقت 461 پاکستانی موجود ہیں ان میں 345 سویلین اور 116 ماہی گیر شامل ہیں۔