سعودی عرب پر مذموم الزام تراشی افسوسناک امر ہے: اسحاق ڈار

بشریٰ بی بی نے ایک دوست اسلامی ملک پہ خودکش حملہ  کیا ہے: عظمیٰ بخاری

Nov 22, 2024 | 00:38:AM
 سعودی عرب پر مذموم الزام تراشی افسوسناک امر ہے: اسحاق ڈار
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار  نے کہا ہے کہ سعودیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سعودی مداخلت کے حوالے سے بانیِ پی ٹی آئی کی اہلیہ کے تبصرے کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کے جواب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار  نے کہا کہ پاکستان اور سعودیہ عرب دیرینہ دوست اور بھائی ہیں. دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں. پاکستان سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کے سفر کا بے حد معترف ہے. پاکستانی عوام سعودی عرب کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات پر فخر محسوس کرتے ہیں کیونکہ سعودی عرب نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی ہے. 

اپنی سیاست چمکانے اور پوائنٹ سکورنگ کی غرض سے پاکستان کے اندرونی معاملات کے حوالے سے سعودی عرب پر مذموم الزام تراشی افسوسناک امر اور مایوس کن ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے. تمام سیاسی قوتوں کو اپنے معمولی سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان کی خارجہ پالیسی پر سمجھوتہ کرنے سے باز رہنا چاہئیے۔

دوسری طرف وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری  نےبشری بی بی کے بیان پر سخت ردعمل دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ  موصوفہ نے ایک دوست اسلامی ملک پہ خودکش حملہ  کیا ہے،دوست ملک پر شریعت ختم کرنے کا بڑا الزام لگا کر خود  شریعت کی ٹھیکیدار بن رہی ہیں،ان فسادیوں کے ہوتے ملک کا بھلا نہیں ہوسکتا،بڑے دوست اسلامی ملک جو مسلم امہ کا ستون ہے اس پر یہ الزام بہت خطرناک ہے۔