سونیا حسین کی فلم "ببلی/بابر" کانزفلم فیسٹیول کے لیے منتخب
فلم کو کامران فائق نے ڈائریکٹ اور قرب عباس نے لکھا ہے،رمشہ امجد اور عبداللہ کامران اس کے پروڈیوسرز ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ سونیا حسین کی اپنی پروڈکشن میں پہلی فلم "ببلی/بابر" کانز فلم فیسٹیول کے لیے منتخب ہوگئی۔
"ببلی/بابر" نہ صرف سونیا حسین کے کیریئر میں اہم سنگِ میل بلکہ پاکستانی کہانیوں کو عالمی سطح پر روشناس کرانے کی ایک بہترین مثال بھی ہے،اس فلم کو کامران فائق نے ڈائریکٹ اور قرب عباس نے لکھا ہے جبکہ رمشہ امجد اور عبداللہ کامران اس کے پروڈیوسرز ہیں،اس فلم میں نئے چہرے حسنین رانا، تنویر سید، ذیشان حیدر، فہد ہاشمی،عثمان چودھری،رضیہ ملک اور امتثال حسین شامل ہیں۔
سونیاحسین نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو اس بڑی کامیابی کی اطلاع دیتے ہوئے کہا"یہ میرے لیے انتہائی خوشی کا لمحہ ہے کہ میری پہلی پروڈیوس کردہ فلم کو کانز جیسے باوقار فلم فیسٹیول میں جگہ ملی ہے،یہ نہ صرف ہماری ٹیم بلکہ پاکستانی سینما کے لیے بھی ایک بڑی کامیابی ہے۔"
سونیاحسین نے اس کامیابی کا کریڈٹ فلم کے ڈائریکٹر کامران فائق اور اپنی ٹیم کے دیگر ممبران کو دیتے ہوئے لکھا"یہ کامیابی ہمارے ڈائریکٹر کامران فائق کی غیر معمولی محنت اور ویژن کی مرہونِ منت ہے،ساتھ ہی پروڈیوسرز رمشہ امجد اور عبداللہ کامران کا شکریہ جنہوں نے اس پروجیکٹ میں اپنی جان ڈال دی۔"