وزیر داخلہ محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کیلئے 50 کروڑ کے فنڈز کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کیلئے 50 کروڑ روپے کے فنڈز کا اعلان کردیا۔
نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاس آؤٹ ہونے والےتمام اے ایس پیز اور پولیس جوانوں کو آج کا دن مبارک ہو، آپ تمام لوگوں کی محنت آج اختتام پذیر ہورہی ہے، آپ عوام کی خدمت میں کامیاب ہوگئے تو سب چیزوں میں کامیاب ہیں، اگر آپ پولیس افسر عوام کیلئے کچھ نہیں کررہے تو اس کا ہمیں کوئی فائدہ نہیں ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی ایک اچھا ادارہ ہے، نیشنل پولیس اکیڈمی کو ایک بین الاقوامی معیار کی اکیڈمی بنانا ہے، نیشنل پولیس اکیڈمی میں ابھی کئی چیزوں کی کمی ہے، ہم نے اس کام کیلئے ایک ٹاسک فورس بنادی ہے، خواہش ہے اگلے سال یہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی طرز کی ہو، یہاں آفیسرز سزا کے طور پر تعینات نہ ہوں، فوج کی طرح یہاں بھی بہترین آفیسرز تعینات کیے جائیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ خواہش ہے یہاں تعینات ہونے والے آفیسرز کے الاؤنسز بھی بہتر ہوں، اس اکیڈمی کو ایک سال میں پی ایم اے کے طرز کی اکیڈمی بنائیں گے، میں آج یہاں 50کروڑ کا بندوبست کرکے آیا ہوں، ہم اس اکیڈمی کیلئے فوری 50کروڑ روپے لگائیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ لاہور والا ایلیٹ ٹریننگ سینٹر بھی پاکستان کا بہترین سینٹر ہے، ہمیں آفیسرز کی ٹریننگ یہاں ہی کرنی ہے بجائے اس کے کہ ہم یہاں کے پولیس آفیسرز کو دوسری جگہ ٹریننگ کیلئے بھیجیں، ہمیں نیشنل پولیس اکیڈمی میں بہترین آفیسرز لانے ہیں، اس وقت ہر فیلڈ کے آئی جی صاحبان یہاں موجود ہیں، سب سے پہلی ترجیح آپ کا صوبہ ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس اکیڈمی کے ساتھ اپنا لگاؤ برقرار رکھیں، ان 10افسران نے روزانہ کی بنیاد پر بہت سارے فیصلے کرنے ہوتے ہیں، ہم افسران کیلئے مختصر کورسز پر بھی کام جلد شروع کریں گے، آج جو آفیسرز گریجویٹ ہورہے ہیں ان دوبارہ مبارکباد دیتا ہوں، اللہ تعالیٰ پاس آؤٹ ہونے والے افسران اور پولیس جوانوں کو کامیاب کرے۔