کرم ایجنسی کے حالات پر گرینڈ جرگہ بلایا جائے، جماعت اسلامی خدمات پیش کرے گی، حافظ نعیم

Nov 22, 2024 | 15:32:PM
کرم ایجنسی کے حالات پر گرینڈ جرگہ بلایا جائے، جماعت اسلامی خدمات پیش کرے گی، حافظ نعیم
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے مطالبہ کیا ہے کہ کرم ایجنسی کے حالات پر گرینڈ جرگہ بلایا جائے جس کے لیے جماعت اسلامی خدمات پیش کرے گی۔

کراچی میں ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آئین پاکستان، جس پر سب حلف اٹھاتے ہیں اور اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہیں، اسی آئین نے سب کی حدود کو متعین کیا ہے، سیکیورٹی اداروں کا کام ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنا، قوم کا تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنا ہے، معیشت پر لیکچر بعد میں دیے جائیں، پہلے بتائیں آپ اپنا کام کیسے انجام دے رہے ہیں؟

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کا کام ہے کہ لوگوں کو اکٹھا کرے، اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ جمہوری طریقے سے احتجاج کا پرامن حق استعمال کرے، ذات کی لڑائی نہ ہو، پاکستان کے لیے اپوزیشن بھی کردار ادا کرے، آئین میں سب کا دائرہ کار طے ہے، جب بھی کوئی آئین سے انحراف کرے تو حالات خراب ہوتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کرم ایجنسی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر فوری طور پر گرینڈ جرگہ بلایا جائے، جماعت اسلامی اس سلسلے میں اپنی خدمات پیش کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ جس طرح جنوبی اضلاع میں بعض مقامات پر پروفیسر ابراہیم نے آگے بڑھ کر یہ کام کیا، اس کے نتیجے میں عارضی طور پر سہی، لیکن لوگوں کو ریلیف ملا ہے، اسی طرح ہم پورے خیبر پختونخوا میں یہ کام کرنا چاہتے ہیں۔