پنجاب میں معاملات میرٹ پر نہیں چل رہے: سلیم حیدر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بادشاہ بن گئی ہیں، نہ ہی کبھی فون کیا اور نہ ہی میرٹ کے حوالے مشاورت کرتی ہیں، اب مریم نواز سے نہیں ملوں گا۔
گورنر پنجاب سلیم حیدر نے گورنر ہاؤس لاہور میں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی مائنس ہو جائے تو ن لیگ کی وزراتِ عظمیٰ قائم نہیں رہے گی، پنجاب میں معاملات میرٹ پر نہیں چل رہے۔
گورنر سلیم حیدر کا کہنا ہے کہ بطور اتحادی ہم سے مشاورت کی جائے، خود وزیر اعلیٰ سے ملنے گیا اور انہیں باور کروایا کہ بطور اتحادی پیپلز پارٹی کی طرف سے ان کو کوئی مسئلہ نہیں ہو گا،انہوں نے بتایا کہ 6 ماہ فون پر بار بار رابطے کی کوشش کی مگر زیرو رسپانس آیا، اس لیے اب مریم نواز سے نہیں ملوں گا۔
گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں اب ڈیڈ لاک پیدا ہو چکا ہے، اپنی قیادت کو پنجاب کی صورتِ حال سے آگاہ کر دیا ہے،ماضی میں ن لیگ کے ساتھ حکومت میں اتحاد کا تجربہ تلخ تھا، تحریری معاہدے اور مشاورتی کمیٹیاں تشکیل دینے کے باوجود کوئی عمل درآمد نہیں ہوتا۔