ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا اولین ترجیح ہے،آرمی چیف
مادر وطن کے دفاع کے لیے قربانیاں قومی استقامت کی بنیاد ہیں،دورہ پشاور کے موقع پر گفتگو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور)چیف آف آرمی سٹاف جنرل سیدعاصم منیر نے آج پشاور کا دورہ کیاجہاں انہیں سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا دورہ ایپکس کمیٹی اجلاس کے فالو اپ کے طور پر ہے، کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔
دورہ پشاور کے دوران انہیں 19 نومبر 2024ء کو ہونے والے قومی ایپکس کمیٹی کے اجلاس اور جلد ہونےوالے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی پیشکش کے طور پر موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور خطے میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز کی پیشرفت پر جامع بریفنگ فراہم کی گئی،اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پی کے اور فیلڈ کمانڈرز بھی موجود تھے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنے اس موقع پرشہداء اورغازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مادر وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی بے مثال قربانیوں پر زور دیا،انہوں نے ریمارکس دیئے کہ یہ قربانیاں مسلح افواج اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی قومی لچک،متاثر کن اورغیرمتزلزل لگن کی بنیاد ہیں۔
چیف آف آرمی سٹاف نے تمام قسم کے خطرات کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے فوجیوں کے بلند حوصلے،آپریشنل تیاری اورغیرمتزلزل عزم کو سراہا،انہوں نے دشمن نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے غیر قانونی سپیکٹرم کو ختم کرنے کے لیے پاک فوج کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
ضرورپڑھیں:اسلام آباد میں کسی کو بھی جلسے، جلوس یا دھرنے کی اجازت نہیں دیں گے، محسن نقوی
جنرل سیدعاصم منیر نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے قوم اورسیکیورٹی فورسز کے اجتماعی عزم کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پرزور دیا کہ دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا اولین ترجیح ہے،ہم آہنگی اور مضبوط آپریشنز کے ذریعے پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دیرپا استحکام اورسلامتی کو یقینی بنانے کے لیے امن کے دشمنوں کا انتھک شکار کرے گی۔
آرمی چیف نے مادر وطن کے دفاع کے لیے دی گئی بے مثال قربانیوں کو اجاگر کیا اورکہاکہ دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا اولین ترجیح ہے ،مادر وطن کے دفاع کے لیے ایسی قربانیاں قومی استقامت کی بنیاد ہیں۔