موٹروے کو 2روز کیلئے بند کر دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اسرارخان، علی ساہی، عرفان ملک)موٹروے کو 6 مختلف مقامات سے 2روز کیلئے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ لاہور پولیس نے رنگ روڈ بند رکھنے کا مراسلہ بھی کمانڈنٹ رنگ کو بھجوا دیا۔
موٹروے پولیس حکام کاکہنا ہے کہ 23 اور 24 نومبر کو مرمتی کاموں کے باعث موٹروے کو بند کیا گیاہے،موٹروے ایم ون اسلام آباد تا پشاور، موٹروے ایم ٹو لاہور تا اسلام آباد بند رہے گی،موٹروے ایم تھری لاہور تا عبدالحکیم، موٹروے ایم فور پنڈی پھٹیاں سے ملتان تک بند کر دی گئی۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 بھی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی،اسلام آباد ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے ایم 14 ہکلہ سے یارک تک بند کی گئی،اس کے علاوہ لاہور کے داخلی و خارجی راستے امامیہ کالونی اور سگیاں بھی بند کر دیئے گئے۔
موٹروے اور داخلی و خارجی راستوں کی بندش سے اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا،بابو صابو، بند روڈ، شاہدرہ اور چوک یتیم خانہ سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام متاثرہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کاکہنا ہے کہ متبادل راستوں پر ٹریفک ڈائیورٹ کی جا رہی ہے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی۔
دوسری جانب لاہور میں 23 اور24نومبر کو پی ٹی آئی کے متوقع احتجاج کے باعث لاہور پولیس نے رنگ روڈ بند رکھنے کا مراسلہ کمانڈنٹ رنگ کو بھجوا دیا،مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ شرپسند عناصر امن و عامہ میں نقص عامہ کا باعث بن سکتے ہیں،امن و امان کو برقرار رکھنے کےلئے رنگ روڈ کو مکمل بند رکھا جائے،رنگ روڈ 23 اور24نومبر کو صبح 8 سے 6 بجے تک ٹریفک کیلئے بند رکھا جائے۔