(24 نیوز)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام اب دھرنوں اور لانگ مارچ کی کال پر کان نہیں دھریں گے۔جب پاکستان ترقی کی راہ پر جا رہا ہوتا ہے تو یہ لوگ کیوں آجاتے ہیں،جس دل میں وطن کی محبت ہو وہ ایسے کام نہیں کر سکتا۔انکا ایجنڈا بہت خطرناک اور سمجھ سے باہر ہے،دشمنوں سے بچیں یا اپنوں سے دفاع کریں۔پولیس افسران اور جوان دہشت گرد نہیں جو انکی وردیاں پھاڑی جاتی ہیں اور ہڈیاں توڑی جاتی ہیں۔صوبوں کو جوڑنا چاہیے جیسے مسلم لیگ ن نے ہمیشہ صوبوں کو جوڑنے کی کوشش کی۔پاکستان پر بے یقینی کی گرد ہٹ رہی ہے اور ترقی کی راہ گامزن ہے۔کے پی کے کی حکومت وفاق اور پنجاب پر حملہ آور ہوتی ہے، اب ایک اور حملہ کے لیے تیار بیٹھی ہے۔
کچھی کینال بحالی پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کہا کہ شہباز سپیڈ سے کچھی کنال بحال منصوبہ 45 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا، مبارکباد پیش کرتی ہوں ۔ کچھی کینال پنجاب سے بلوچستان تک ایک نہر نہیں ہے بلکہ ترقی اور خوشحالی کا ایک راستہ ہے۔ کچھی کینال کے پانی سے بلوچستان کی زمین سیراب ہوگی، لوگ خوشحال ہوں گے- کچھی کینال منصوبہ نواز شریف کے دور میں 2017 میں پایہ تکمیل کو پہنچا-انہوں نے کہا کہ کچھی کینال منصوبہ نوازشریف کے دور میں مکمل ہوا آج ان کے بھائی وزیراعظم شہباز شریف کے دور میں اسکی بحالی کا کام مکمل ہوا ۔وزیراعظم شہباز شریف چاروں صوبوں کو قریب لانے کے نواز شریف کے وژن کو اگے بڑھا رہے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف عوام کی خوشحالی کے حوالے سے نوازشریف کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر رہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ الحمدُللّہ کئی سالوں کے بعد اج ہر دن خوشی کی نئی خبر آتی ہے ۔ گزشتہ 16 ماہ میں پاکستان کے دشمن اور بد خواہ پاکستان کے ڈیفالٹ کی باتیں کرتے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ آج پاکستان سٹاک مارکیٹ نئی بلندیوں کو چھوتے ہوے 96 ہزار پوائنٹس پر پہنچ گئی۔ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر سات فیصد پر آگئی ہے۔ مہنگائی کے جن کو قابو کرنا آسان کام نہیں ہے یہ نواز شریف کا وژن اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی محنت کی وجہ سے ہوئی ہے ۔مہنگائی کم ہونے سے لوگوں کی زندگی میں آسانی اور خوشحالی آ رہی ہے۔ پاکستان کے بد خواہوں کو اور خوشحالی کے دشمنوں کو عوام کی ترقی برداشت نہیں ہے۔پاکستان کے بدخواہ آئے روز دھرنے اور جلوسوں سے ترقی کے راستے کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ عوام ان کے دھرنوں اور لانگ مارچ کی کال پر کان نہیں دھرتے ۔
انہوں نے کہا کہ کچھی کینال نہ صرف پنجاب اور بلوچستان کو ملاتی ہے بلکہ دو صوبوں کے لوگوں کے دلوں کو آپس میں جوڑتی ہے۔ مخالفین کے چار سالہ دور اقتدار میں اتنی نااہلی اور مجرمانہ غفلت تھی کہ دو روپے کی روٹی 25سے30 تک پہنچ گئی تھی۔ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں 30 روپے کی روٹی دوبارہ 12 روپے کی ہو چکی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ہمیشہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوتا ہے ۔وزیر اعظم شہباز شریف دن رات کوشش کر کے بجلی کی قیمتوں کو بھی کم کر رہے ہیں - یہ حسن اتفاق ہے کہ ملک میں جب بھی ترقی ہوتی ہے مسلم لیگ ن کا دور ہوتا ہے۔ ملک میں جب بھی میگا پراجیکٹس شروع ہوتے ہیں مسلم لیگ ن کا دور ہوتا ہے۔ ملک میں جب بھی موٹرویز بنتے، لیپ ٹاپ تقسیم ہوتے ہیں تو مسلم لیگ ن کی حکومت ہوتی ہے۔ ملک میں جدید ٹرانسپورٹ جیسے میٹرو بسیں اور اورنج لائن چلتی ہے تب مسلم لیگ ن کا دور ہوتا ہے - مسلم لیگ ن کے دور میں چاروں صوبے قریب آنے لگتے ہیں، یہ سب جذبہ حب الوطنی کی بدولت ممکن ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جذبہ حب الوطنی سے ہمارے دل سرشار ہیں - وزیراعظم شہباز شریف دن رات ایک کر کے ملک و قوم کی خدمت میں مصروف ہیں ۔دن رات کام کرنے سے شہباز سپیڈ وجود میں آتی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نہ صرف معاشی اشاریوں کو بہتر کر رہے ہیں بلکہ خارجہ پالیسی کو بھی از سر نو استوار کر رہے ہیں۔
گزشتہ چار سالوں میں پاکستان کے دوستوں کو دشمن بنایا گیا اب ان دوستوں کو دوبارہ اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔ شنگھائی کانفرنس کے مناظر پاکستانیوں نے کئی دہائیوں بعد دیکھے ہیں ۔شہباز شریف نے ملک کے وقار اور عزت میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ افسوس کی بات ہے کہ آج بھی ہماری ترقی اور خوشحالی کے سفر پر حملے ہو رہے ہیں ۔کل ایک خاتون نے پاکستان کے دوست ملک پر حملہ کیا۔ خاتون کی جانب سے حملہ پاکستان کے محسن اور قابل اعتماد دوست پر کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ ان نادانوں کو پتہ نہیں ہے کہ اس حملے سے پاکستان کو کتنا نقصان پہنچے گا۔ پاکستان کی ترقی میں صرف دہشت گرد ہی خلل نہیں ڈال رہے بلکہ ہمارے اپنے لوگ بھی ترقی میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں ۔ 73 سالوں میں پاکستانیوں نے ایسا وقت نہیں دیکھا کہ جب ایک صوبائی حکومت دوسرے صوبے اور وفاق پر حملہ کرے ۔ آج کے پی کے حکومت پنجاب اور وفاق پر لشکر کشی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان ترقی کر رہا ہے پاکستان اوپر اٹھ رہا ہے۔جب بھی پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن ہوتا ہے یہ دھرنے اور احتجاجی جلوس لے کر آ جاتے ہیں ۔ ان کا ایجنڈا عوام کی سمجھ سے بالاتر ہے ان کا ایجنڈا پاکستان کی تباہی اور بربادی ہے۔ جس کے دل میں بھی پاکستان کا تھوڑا سا درد ہو وہ ایسے حملے نہیں کرتا۔ افسوس کی بات ہے کہ یہ حملے ہمارے دشمن نہیں کر رہے بلکہ ہمارے اپنے ہی لوگ کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے جوانوں پر حملے کیے جا رہے ہیں پنجاب پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔ پنجاب پولیس کو حکم دیا کہ کے پی کے سے آنے والے لوگوں پر گولی نہ چلائی جائے، یہ بھی ہمارے اپنے لوگ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب ایک صوبہ دوسرے صوبے پر حملہ کرے گا تو ایسے میں کون غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا۔ یہ پہلے کہتے تھے کہ امریکہ نے ہمیں نکالا ہے اب ان کے جلسوں میں امریکہ کے جھنڈے لہرائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ آپ کو کسی نے نہیں نکلا اپ کو پاکستان کی پارلیمنٹ نے نکالا۔ آپ پاکستان کی تاریخ کے پہلے وزیراعظم ہیں جن کو آئینی طور پر نکالا گیا- آپ سے پہلے پاکستان کے جتنے وزیراعظم تھے ان کو غیر آئینی طریقے سے نکالا گیاتھا۔ جب اپ کو پارلیمنٹ نے نکالا توآپ نے ملک پر حملے شروع کر دیے اور 9 مئی جیسا گھناؤنا حملہ کیا- جلسے جلوس کرنا سیاسی جماعت کا حق ہے ۔ جلسے جلوس اور احتجاج کی آڑ میں جلاؤ گھراؤ کرنے آگ لگانے اور معاشی ترقی کے سفر کو روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جلاؤ گھراؤ جیسی حرکتوں سے باز نہ آئے تو وزیراعظم پاکستان اور ہم بخوبی جانتے ہیں کہ وطن کے دفاع میں کیا کرنا ہے۔ نواز شریف کے ویژن کی روشنی میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منازل طے کرتا رہے گا ۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی نواز شریف کا خواب ہے اور ہم اس خواب کی تکمیل میں ہر قدم اٹھائیں گے-