پنجاب میں 3مرلہ پلاٹ سکیم،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے منظوری دیدی

Nov 22, 2024 | 21:25:PM

(24نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب میں 3مرلہ پلاٹ سکیم کے اجراء کی اصولی منظوری دے دی ۔

اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت چشتیاں میں 3مرلہ سکیم کے تحت 666پلاٹ دے کر سکیم کا آغاز کیا جائے گا۔اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت مکمل ہونے والے پہلے پانچ گھروں میں فرنیچر اوردیگر سامان کا تحفہ پیش کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں اپنی چھت اپناگھر  پراجیکٹ کے تحت پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب میں اپنی چھت اپناگھر پراجیکٹ کے تحت 927درخواست دہندگان کو قرض کی پہلی قسط کی ادائیگی مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے دوسری قسط کی ادائیگی جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ پروجیکٹ کے تحت800سے زائد گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ 50ہزار درخواست دہندگان کا ڈیٹا تصدیق کیلئے اخوت کو ٹرانسفر کیا گیا جس میں 38ہزار کی تصدیق مکمل کر لی گئی۔پروگرام کے تحت20900درخواست دہندگان نے مطلوبہ دستاویزات جمع کروادیں اور8424کے کاغذات کی مکمل جھان بین کر لی گئی ہے۔ اپنی چھت اپناگھر پروگرام کے پورٹل کے رجسٹرڈ یوزر کی تعداد 6لاکھ سے بڑھ گئی ہے اور پورٹل پرگھروں کیلئے سواتین لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2025تک47ہزار گھر اوراگلے دسمبر تک1لاکھ گھروں کی تعمیر کا ٹارگٹ مکمل کرلیا جائیگا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نوازشریف نے اپنی چھت اپناگھر پراجیکٹ کو تیز ترکرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اپنی چھت ہر عام آدمی کا خواب ہے،ضرورپورا کریں گے۔ نعروں اوردعوؤں پر یقین نہیں رکھتے،اپنی چھت مہیا کرنے کے وعدے کو ضرور نبھائیں گے۔

مزیدخبریں