مریم اورنگزیب سے ترکیہ کی فلمی صنعت کے نمائندہ وفد کی ملاقات

Oct 22, 2022 | 00:31:AM

(زین مدنی)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے ترکیہ کی فلمی صنعت کے نمائندہ وفد کی ملاقات،دونوں ممالک کے درمیان ڈرامہ اور فلم کے شعبوں میں تعاون کو فروغ پر اتفاق  کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق استنبول میں ترکیہ کی فلمی صنعت کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران  مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستانی فلموں کی نمائش کیلئے ترکیہ میں فلمی میلے میں پاکستان کے شرکت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے،آئندہ ہفتے ترکیہ میں فلمی میلے کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس ہوگا، تاریخ کا تعین ہوگا۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تیار ہونے والی تین نئی فلمیں فیسٹیول میں پیش کی جا سکتی ہیں،دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے لئے فزیبلٹی تیار کی جائے گی،پاکستان میں جدید ترین فلم پروسیسنگ لیب کے قیام پر بھی تعاون پر اتفاق  کیا گیا ہے۔ترکیہ کی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیمی نصاب میں فلم سازی اور اداکاری کے مضامین شامل کرنے پر بھی تعاون پر اتفاق  ہوا، 1970کی دہائی میں پاکستان دنیا کا تیسرا سب سے بڑا فلم بنانے والا ملک تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2008ءمیں فلم صنعت کی بحالی کاکام شروع ہوا،ملکی تاریخ کی پہلی فلم اینڈ کلچر پالیسی تشکیل دی ، فلمی صنعت کو ٹیکس میں استثنیٰ، نئی فلمیں بنانے کے لئے مالی معاونت کی سہولیات دی گئی ہیں، پاکستان میں فلموں کی تیاری پر 70 فیصد تک ٹیکس میں رعایت دی گئی ہے، فلم کی کہانی، معیار،جدید ٹیکنالوجی کا استعمال قومی فلم پالیسی کا حصہ ہے،نئے سینما گھروں کے قیام، بحالی اور فنکاروں کو مراعات دینے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں۔

فلم اور سیاحت کے شعبہ میں پاکستان کے 70 فیصد نوجوانوں کو شامل کرنے کا یہ بہترین موقع ہے،نوجوانوں کیلئے فلمی شعبہ میں انٹرنیشنل ورکشاپس منعقد کی جا رہی ہیں،انٹرنیشنل ورکشاپس میں بہترین ساکھ کے حامل پروڈیوسرز کو بلائیں گے،فلم اور ڈرامہ کسی بھی ملک کا عالمی سطح پر تشخص بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں،پاکستان کے شمالی علاقے قدرتی حسن سے مالا مال ہیں،ترکی کے فلم ساز ان خوبصورت سیاحتی علاقوں میں فلم بندی کرسکتے ہیں۔

ترکیہ کی فلمی صنعت کا پاکستان کے ساتھ فلم اینڈ ڈرامہ انڈسٹری میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر آمادگی کا اظہارکیا گیا ،ترکیہ کے فلمی صنعت کے وفد  کا کہنا تھا کہ ترکیہ میں قائم ہالینڈ، ترکی، فرانس کی بہترین کمپنیاں فلم پروسیسنگ لیب میں تکنیکی معاونت فراہم کر سکتی ہیں۔

مزیدخبریں