(ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی پولٹزر انعام یافتہ فوٹو جرنلسٹ ثناء ارشاد مٹو کو بھارت نے دوسری مرتبہ بیرون ملک سفر سے روک دیا۔
ٹویٹر پوسٹ میں ثناء ارشاد نے لکھا ہے کہ وہ پولٹزر ایوارڈ وصول کرنے کیلئے نیویارک جارہی تھیں لیکن دہلی ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام کی جانب سے انہیں روک دیا گیا۔
فوٹو جرنلسٹ کا کہنا تھا کہ ان کے پاس امریکی ویزا اور ٹکٹ بھی موجود تھا لیکن پھر بھی انہیں سفر کی اجازت نہیں دی گئی۔
یہ بھی پڑھیے: جارجیا میلونی اٹلی کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب
انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے رواں برس دوسری مرتبہ بیرون ملک سفر سے روکا گیا ہے اور سرکاری حکام کی طرف مجھے روکنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔
رواں برس جولائی میں ثناء ارشاد کو پیرس جانے سے روکا گیا تھا جہاں انہیں ایک ایوارڈ ملنا تھا اور ان کی کتاب کی رونمائی تھی۔
بھارتی میڈیا نے جموں اور کشمیر پولیس کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ فوٹو جرنلسٹ کا نام ’نو فلائی لسٹ‘ میں شامل ہے۔