(24نیوز)توشہ خانہ ٹو کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی درخواست ضمانت کی مخالفت کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ ٹو کیس میں بشری بی بی کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی،دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکوٹر ذوالفقار عباس نقوی، ایف آئی اے کے وکیل عمیر مجید ملک اور ذوالفقار عباس نقوی عدالت میں پیش ہوئے جب کہ بشری بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر بھی پیش ہوئے۔
سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئے 12 دن گزر چکے ہیں جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ میں 9 اکتوبر کو عدالت آیا تو شدید بخار تھا اور مجھے ریکور کرنے میں لمبا وقت لگا۔
بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ کیس ہے کہ قیمت کا تعین کرنے والے پرائیویٹ شخص سے قیمت کم لگوائی گئی، قیمت کا تعین کرنے والا صہیب عباسی اب وعدہ معاف گواہ بن چکا ہے۔
سلمان صفدر نے کہا کہ پھر اس کے بعد کسٹمز کے افسران نے قیمت کا تعین کیا، یہ سب لوگ گواہ ہیں کسی کو ملزم نہیں بنایا گیا، کابینہ ڈویژن سے کسی شخص کو ملزم نہیں بنایا گیا، کابینہ ڈویژن سے کسی کو شاملِ تفتیش تک نہیں کیا گیا۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ پراسیکیوشن کا کیس ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا کوئی براہ راست رابطہ نہیں تھا، پراسیکیوشن کے اپنے مطابق یہ تمام کام انعام اللہ شاہ کرتا ہے لیکن وہ ملزم نہیں، صہیب عباسی جو درحقیقت قومی خزانے کا نقصان پہنچا رہا ہے وہ وعدہ معاف گواہ ہے۔
بشریٰ بی بی کے وکیل نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے، کوئی عدالتی نظیر موجود نہیں، عمران خان کا بازو مروڑنے کیلئے بشریٰ بی بی کو قید رکھا گیا ہے، بشریٰ بی بی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، وہ گھریلو خاتون ہیں، وہ 264 دن سے جیل میں قید ہیں، اس کیس میں 13 جولائی 2024 سے گرفتار ہیں۔
انہوں نے عدالت بتایا کہ بشری بی بی پبلک آفس ہولڈر بھی نہیں ہیں، 3 سال 3 ماہ کی تاخیر سے یہ مقدمہ بنایا گیا، 31 جنوری 2024 کو نیب کے دوسرے ریفرنس میں بشری بی بی کو سزا دی گئی، 3 سال میں گرفتار کیا نہ ہی بشری بی بی کیخلاف کوئی کریمنل کیس بنایا گیا۔
جسٹس حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیا یہ ایگزیکٹو کا فیصلہ تھا کہ 50 فیصد رقم دے کر تحفہ لے جائیں، جس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ پروسیجر پر بھی عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پوچھا کس پروسیجر پر عملدرآمد نہیں ہوا، بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت کے حوالے سے آپ کو کیا ہدایات دی گئی ہیں؟
ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہم درخواست ضمانت کی مخالفت کریں گے، کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے پراسیکیوٹر کل اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔
خیال رہے کہ 12 ستمبر کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی تین رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی تھی۔
نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔
قبل ازیں، عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
جبکہ 13جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔
واضح رہے کہ 4 اکتوبر کو ہونے والی سماعت کے دوران عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں فرد جرم عائد نہیں ہو سکی تھی۔