نہیں سنگل نہیں ہوں،گوہررشیدنے اعتراف محبت کرلیا

وہ بہترین شخصیت کی مالک ہیں اوران کے بغیرمیں اپنی زندگی کا تصوربھی نہیں کر سکتا

Oct 22, 2024 | 12:35:PM
نہیں سنگل نہیں ہوں،گوہررشیدنے اعتراف محبت کرلیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)معروف اداکار گوہر رشید نے اپنی زندگی میں کسی خاص لڑکی کی موجودگی کا اعتراف کرلیا۔

گوہررشید نے حال ہی میں ساتھی فن کارہ اور میزبان اشنا شاہ کے پروگرام میں شرکت کی جہاں مختلف امور پر اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا اور ساتھ ہی اعترافِ محبت بھی کرلیا۔

دورانِ پروگرام میزبان اشنا شاہ نے اداکار سے سوال کیا کہ کیا آپ سنگل ہیں؟،میزبان کے سوال کے جواب میں گوہر رشید نے ایک قہقہ لگایا اور پھر محبت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ نہیں میں سنگل نہیں ہوں۔

معروف اداکار کا غیر متوقع جواب سن کر اُشنا شاہ ایک لمحے کے لیے چونک گئیں اور سوال کیا کہ کیا آپ نے یہ انکشاف پہلی بار آن ایئر میرے شو پر کیا ہے؟

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے گوہر رشید نے کہا ہاں، اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی زندگی میں موجود اس خاص لڑکی کے بارے میں بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ بہت بہترین شخصیت کی مالک ہیں،اب میں ان کے بغیر اپنی زندگی کا تصوربھی نہیں کر سکتا، ان کے بارے میں اتنی باتیں کر سکتا ہوں کہ اس پر پورا شو ہو سکتا ہے۔

گوہر رشید نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی زندگی میں موجود خاص لڑکی کون ہے اور کیا اس کا تعلق بھی شوبز انڈسٹری سے ہے،تاہم اداکارہ کبریٰ خان کے ساتھ ان کی گہری دوستی اور قریبی تعلقات کو دیکھتے ہوئے کئی بار مداحوں نے ان دونوں کو شادی کا مشورہ دیا ہے،کبریٰ خان سے بھی ایک انٹرویوکے دوران سوال کیاگیاتھاکہ ان کاانڈسٹری میں بہترین دوست کون ہے تو انہوں نے مرزاگوہررشیدکاہی نام لیاتھا۔

کبریٰ خان اور گوہر رشید کو کئی پروجیکٹس میں ایک ساتھ دیکھابھی گیا ہے،ان کی آن اسکرین جوڑی کوکافی پسند کیا گیا ہے۔ 

گوہررشید کاشمارنہایت باصلاحیت فن کاروں میں ہوتا ہے جوکئی ڈراموں کے ساتھ ساتھ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں جن میں بلال لاشاری کی شہرہ آفاق فلم"دی لیجنڈآف مولاجٹ" بھی شامل ہے جس میں ان کے ماکھے کے کردار کوبہت پسندکیاگیاتھا۔2013 میں ریلیز ہونے والی فلم "سیڈلنگز"پرانہیں نیویارک فلم فیسٹیول میں بہترین سپورٹنگ رول کے لیے نامزد بھی کیاگیاتھا۔ میں ہوں شاہد آفریدی،جوانی پھرنہیں آنی،یلغار،رنگریزہ،لندن نہیں جائوں گی اورمنی بیک گارنٹی جیسی فلمیں بھی ان کے کریڈٹ پر ہیں۔

چھوٹی سکرین پربھی گوہررشید نے کافی کام کیاہے جن میں شکوہ،ڈائجسٹ رائٹر،خدانہ کرے،کھلونا،میرے جیون ساتھی، پیوند،اعتراض،من مائل،مجھے جینے دو،میری ننھی پری،نوربی بی،رمزعشق،عشقیہ،راز الفت،پردیس،لاپتہ،امانت،دل مومن،جنت سے آگے اورمن جوگی جیسے ڈرامے شامل ہیں،ڈرامہ "جنت سے آگے"میں انہوں نے کبریٰ خان کے شوہرکاکردار کیاتھا۔

گوہررشیدنے فلم اورٹی وی کے علاوہ تھیٹرپر بھی کافی کام کیاہے اور"ناپا" کراچی کے پلیٹ فارم سے کئی تھیٹرپلے کئے ہیں۔

فلم ساز ابو علیحٰہ نے کچھ عرصہ قبل ہی ایک پوڈ کاسٹ انٹرویوکے دوران گوہررشید کی فنی صلاحیتوں کااعتراف کرتے ہوئے کہاتھاکہ اگرگوہررشید بھارت میں ہوتے تو وہ اس وقت کے سب سے مقبول بالی ووڈ اداکار ہوتے لیکن  یہاں ان کی قدر نہیں کی جا رہی اوروہ انڈر ریٹڈ اداکار ہیں۔

ابوعلیحٰہ نے ایک سوال کے جواب میں کہاتھا کہ اگرچہ گوہر رشید مشکل اداکار ہیں لیکن انہیں ان کے ساتھ کام کرنے میں مزہ آتا ہے، وہ بہترین اداکار ہیں جو کردار میں ڈھل جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، وہ ایسے اداکار ہیں جو ہدایت کار کی ہدایات پر عمل کرنے سے قبل ان سے کئی سوالات کرتے ہیں اورانہیں کسی بھی منظر یا ڈائیلاگ کے لیے منانا آسان کام نہیں ہوتا لیکن وہ کمال کی اداکاری کرتے ہیں۔

دوسری طرف برطانوی نژاد پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان نے فنی سفرکاآغاز 2014ء میں فلم "نامعلوم افراد" سے کیاتھاجس کے بعد وہ جوانی پھرنہیں آنی2، پروازہے جنون اورلندن نہیں جائوں گی میں بھی جلوہ گرہوئیں۔

سنگ مرمر،الف اللہ اورانسان،ہم کہاں کے سچے تھے،صنف آہن اورجنت سے آگے جیسے ڈراموں میں اداکاری کرکے بھی کبریٰ خان نے خود کومنوایاہے۔