جو لارنس بشنوئی کو جیل میں قتل کریگا اسے ایک کروڑ کا انعام ملے گا: بھارتی تنظیم کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) بالی وڈ کے دبنگ سٹار سلمان خان کے جانی دشمن اور بھارت کے بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کو جیل میں قتل کرنے کی صورت میں پولیس اہلکار کیلئے ایک کروڑ سے زائد کا اعلان سامنے آگیا،بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چھتریہ کرنی سینا نامی بھارتی تنظیم کے صدر راج شیکھاوت کی جانب سے جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے حوالے سے بڑا اعلان سامنے آیا ہے۔
ایکس ( ٹوئٹر) پر جاری ویڈیو بیان میں راج شیکھاوت نے اعلان کیا کہ جو بھی پولیس اہلکار لارنس بشنوئی کا انکاؤنٹر کرے گا اسے کرنی سینا کی جانب سے ایک کروڑ 11 لاکھ سے زائد کا انعام دیا جائے گا،ویڈیو بیان میں راج شیکھاوت نے کہا کہ یہ رقم اس پولیس اہلکار کی حفاظت کویقینی بنانے کیلئے دی جائے گی جو لارنس بشنوئی کا انکاؤنٹر کرے گا اس کے علاوہ کرنی سینا اس بہادر پولیس اہلکار کے اہل خانہ کی حفاظت اور مکمل انتظامات کی ذمہ داری بھی اٹھائی گی۔
کرنی سینا لارنس بشنوئی کے قتل کا خواہشمند کیوں ؟
کرنی سینا کے راج شیکھاوت کی لارنس بشنوئی سے دشمنی کی وجہ سلمان خان ، سدھو موسے والا یا پھر بابا صدیقی نہیں بلکہ ان کے اپنے صدر سکھدیو سنگھ گوگامیڈی کا قتل ہے،بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ برس5 دسمبر 2023 کو راشٹریہ راجپوت کرنی سینا کے اس وقت کے صدر سکھدیو سنگھ گوگامیڈی کو قتل کیا گیا تھا جس کا الزام کرنی سینا نے لارنس بشنوئی گینگ پر لگاتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ لارنس بشنوئی کے ساتھیوں نے گھر میں داخل ہوکر گوگامیڈی پر گولیاں برسا ئیں جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئے۔
اس سے قبل لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک گولڈی برار نے اپنے ایک انٹرویو میں گوماگیڈی کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی،چھوٹے قد اور دبلی پتلی جسامت والے 31 سالہ لارنس بشنوئی پر الزام ہے کہ وہ 2015 سے جیل میں ایک بین الاقوامی جرائم کا گروہ چلا رہا ہے ،اسے جیل میں مختلف سنگین نوعیت کے الزامات کا سامنا ہے،دوسری جانب 2018 میں جودھ پور کی عدالت سے کالے ہرن کے کیس میں سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا اور پھر ضمانت کے بعد بشنوئی برادری دبنگ سٹار کی دشمن بنی ہوئی ہے، گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گینگ نے سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہرکے میں فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، اس واقعے میں سدھو کی گاڑی پر 30 گولیاں برسائی گئیں جس کے نتیجے میں سدھو موقع پر ہلاک ہوگئے جب کہ ان کی گاڑی میں موجود دو افراد شدید زخمی ہوئے۔
حال ہی میں لارنس بشنوئی گینگ نے ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما بابا صدیقی کو بھی ممبئی میں قتل کرنے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔