تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش، محکمہ موسمیات نے نوید سنا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(روزینہ علی) محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی خیبر پختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ (صبح) بدھ کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری،گلیات اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ گوجرانوالہ، شیخوپورہ، منگلا،سیالکوٹ، فیصل آباد، لاہور، حافظ آباد، بہاولنگر، بہاولپور، ملتان اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں سموگ پڑنے کا امکان ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چترال، سوات، کوہستان، دیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، پشاور، مردان، کوہاٹ، ہنگو، کرم، بونیر، ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے, کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
آج ریکارڈکیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت
آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت حیدرآباد، میر پور خاص، لسبیلہ، سبی، ٹنڈو جام، ٹھٹھہ اور شہید بینظیر آباد میں 38 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔