(احمد منصور )بی این پی مینگل کے اہم رہنما اور سینیٹر قاسم رونجھو کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے پریس کانفرنس میں مجھ سے جھوٹ بلوایا ۔
تفصیلات کے مطابق قاسم رونجھو کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ اختر مینگل کے ساتھ زبردستی پریس کانفرنس کروائی گئی ،پارٹی کے سربراہ اور کارکنوں نے سینٹ میں لے جا کر مجھ سے زبردستی پریس کانفرنس کروائی، پارٹی قیادت نے پریس کانفرنس میں مجھ سے جھوٹ بلوایا ،پریس کانفرنس میں مجھے لکھے ہوئے الفاظ پڑھنے کے لیے دیے گئے۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے قاسم رونجھو کے بیٹے نے بھی ایکس پر پیغام شیئر کیا تھا کہ میرے والد کو استعفا دینے کے لیے زبردستی سینٹ لایا گیا ،میرے والد پہلے ہی مستعفی ہو چکے تھے، بی این پی کی قیادت کے رویے پر افسوس ہوا،بی این پی کی قیادت نے اپنے سینیٹر کو واضح طور پر دباؤ اور طاقت کے زور پر پریس کانفرنس پر مجبور کیا ،ہمیں اپنی پارٹی کی قیادت سے ایسے رویے کی توقع نہیں تھی ،میرے والد سے جلد بازی میں اور پہلے سے طے شدہ پریس کانفرنس کروائی گئی۔
جہاں زیب قاسم رونجھو کا مزید کہنا تھاکہ پریس کانفرنس میں حقیقت سے دور کہانی بیان کی گئی ،بی این پی کی قیادت سے شدید مایوسی ہوئی، ایک 73 سالہ بزرگ کو وہ استعفی دلوانے کے لیے سینٹ میں گھسیٹا گیا جو وہ پہلے ہی دے چکے تھے۔