(24نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کی منظوری دے دی جس کے بعد وزارت قانون نے ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
جسٹس یحییٰ آفریدی کو گزشتہ روز خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے دو تہائی اکثریت سے نیا چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کیا تھا،ان کی مخالفت میں صرف ایک ووٹ آیاتھا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا تھا کہ کمیٹی نے دو تہائی اکثریت سے جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کرتے ہوئے ان کا نام وزیراعظم کو بھجوایا ہے،نئے چیف جسٹس آف پاکستان کے تقرر کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا بند کمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم 5 میں ہوا تھا،اجلاس کے بائیکاٹ کے باوجودسنی اتحاد کونسل کے 3 ارکان کے لیے نشستیں موجود تھیں،اجلاس میں علی ظفر، بیرسٹر گوہر اور حامد رضا کی نشستیں لگائی گئی تھیں،تمام 12 اراکین کی نیم پلیٹس بھی لگائی گئی تھیں، لیکن پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر،بیرسٹر علی ظفر اورسنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا اجلاس میں نہیں آئے تھے۔
26 ویں آئینی ترمیم کے نفاذ کے بعد نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں 9 ارکان نے شرکت کی جن میں راجہ پرویزاشرف، فاروق ایچ نائیک،سید نوید قمر،کامران مرتضیٰ، رعناانصار، احسن اقبال، شائشتہ پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ اور خواجہ آصف شامل تھے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم 5 میں ہونے والے پارلیمانی کمیٹی اجلاس کے پہلے سیشن میں اپوزیشن کی عدم شرکت پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 175 کے تحت8 اراکین نے فیصلہ دینا ہے یعنی 2 تہائی اکثریت نے فیصلہ کرنا ہے اگر کوئی 2 لوگ یا 3 لوگ کہیں کہ ہم نے شرکت نہیں کرنی تو کام تو نہیں رکے گا کیونکہ آپ نے چیف جسٹس کے نام کا تعین کرنا ہے ، لیکن ہم نے پھر بھی سمجھا کہ جمہوریت کا حسن ہے کہ سب کو ساتھ لیکر چلنا ہے اس لیے ہم نے ساتھی احباب سے درخواست کی کہ وہ اپوزیشن چیمبر میں جائیں اور سنی اتحاد کونسل کے ساتھ بات کریں اور انہیں منائیں کہ وہ اجلاس میں شرکت کریں۔
کمیٹی اجلاس کا دوسرا سیشن ساڑھے 8 بجے شروع ہوا لیکن اپوزیشن نے اس میں بھی شرکت نہ کی لیکن دو تہائی اکثریت کے ساتھ جسٹس یحییٰ آفریدی کو نئے چیف جسٹس آف پاکستان کیلئے منتخب کر لیا گیا ،جسٹس یحییٰ آفریدی اس وقت سپریم کورٹ میں سنیارٹی کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہیں،اہم پارلیمانی اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر قانون نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ نئے چیف جسٹس کیلئے دو تہائی اکثریت کیساتھ جسٹس یحییٰ آفریدی کا نام فائنل کرلیا گیاہے ۔