(24 نیوز)وزیراعظم عمران خان سے کرکٹ ٹیم کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی،وزیراعظم نے ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہ کرنے کا مشورہ دیدیا۔وزیراعظم نے کہاکہ ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کرنی چاہئیں ،نئے لڑکوں کو سیکھنے میں وقت لگتا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پاکستان ورلڈکپ ٹی ٹونٹی سکواڈنے ملاقات کی،کھلاڑیوں کی ملاقات تقریباً ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی، روانگی پر کھلاڑیوں کے چہرے پر مسکراہٹ اورمورال بلند نظر آیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ انسان کو اللہ نے اشرف المخلوقات بنایا ہے،مشکل راستہ انسان کو بڑا بناتا ہے ہر ایک نے ملک کا سوچنا ہے، آپ اس ملک کے سفیر ہیں ،پوری قوم اس وقت آپ کو دیکھ رہی ہے،لالچ اور پیسے کی ہوس انسان کو برباد کرتی ہے،آپ نے پیسے کا بت توڑنا ہے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ میری ٹیم کمزور تھی مگر لڑتی تھی ، 1992 کے بعد ٹیم کو عروج پر جانا چاہئے تھا بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوسکا،انہوں نے کہاکہ جتنا مرضی ٹیلنٹ ہو انسان مخلص نہ ہواتو عزت نہیں ملتی ،انسان سے کسی کو کچھ نہیں ملتا دولت کی لالچ سے خود کو آزاد کریں ۔مجھے کئی بار کرکٹ میں پیسے کی آفر ہوئی ،عزت پیسہ اور رزق اللہ کی ذات دیتی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: شاندار کھیل کر جیتیں یا ہاریں قوم ساتھ کھڑی ہو گی: وزیراعظم عمران خان