سپریم کورٹ کا ایک بار پھر پی ٹی آئی کو اسمبلی میں واپسی کا مشورہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو اسمبلی میں واپسی کا مشورہ دے دیا۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عوام نے پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے، پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ڈی ایم کو جھٹکا: عمران خان کو بڑی کامیابی مل گئی
سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے 123 ارکان اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے فیصلے کے خلاف اسد عمر کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے پی ٹی آئی کو مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کیخلاف کیس تیار کرنے کا ایک اور موقع دے دیا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ پارلیمان میں کردار ادا کرنا ہی اصل فریضہ ہے، کروڑوں لوگ اس وقت سیلاب سے بے گھر ہوچکے ہیں، سیلاب متاثرین کے پاس پینے کا پانی ہے نہ کھانے کو روٹی، بیرون ملک سے لوگ متاثرین کی مدد کیلئے آرہے ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ملکی کی معاشی حالت بھی دیکھیں، پی ٹی آئی کو اندازہ ہے 123 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے کیا اخراجات ہونگے؟ جسٹس اطہر من اللہ نے گہرائی سے قانون کا جائزہ لیکر فیصلہ دیا ہے، سپیکر کے کام میں اس قسم کی مداخلت عدالت کیلئے کافی مشکل کام ہے۔
سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے 123 ارکان اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے فیصلے کے خلاف اسد عمر کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی۔