(ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے قتل اور اغوا کی دھمکیاں ملنے پر تھانہ کوہسار میں درخواست جمع کرا دی۔
شیخ رشید کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ مجھے کئی روز سے فون پر قتل اور اغوا کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ درخواست میں قتل کی دھمکیاں دینے والے کے موبائل نمبر بھی درج ہیں۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ 2 کروڑ لوگ مزید خط غربت کی لکیر سے نیچے جاچکے ہیں، پیٹرول پر 2 ارب روزانہ غریب کی جیب سے خزانے میں جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے خزانے پر ڈاکہ مارتے تھے اب غریب کی جیب پر ڈاکہ مار رہے ہیں، پی ڈی ایم کی الٹی گنتی شروع ہوگئی، فرانس سے بغل گیر ہونا اور اسرائیل میں وفد بھیجنا سوالیہ نشان ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 72 میں سے 22 وزراء بے محکمہ ہیں، اس پر ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے، غریب کو آٹا نہیں مل رہا، یہ امریکہ کے 7 سٹار ہوٹلوں میں سیر سپاٹے کر رہے ہیں، مصنوعی اقتدار کو بچانے کے لیے اپنی عوام پر ڈرون سے آنسو گیس کے گولے ماریں گے، دنیا باتیں کر رہی ہے، امداد نہیں دے رہی، بند گلی میں جانا ہے یا الیکشن کرانا ہے، فیصلہ جلد ہو جائے گا۔