سیلاب متاثرین کیلئے دوست اور برادر ملک نے 121 امدادی طیارے بھیجے، دفتر خارجہ 

Sep 22, 2022 | 22:13:PM

(24 نیوز)سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے دوست اور برادر ممالک کی جانب سے امدادی سامان بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہاہے کہ پاکستانی سیلاب متاثرین کیلئے 15 ممالک اور3 عالمی تنظیموں نے 121 امدادی طیارے بھیجے، ترجمان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے سب سے زیادہ 41 امدادی طیارے راولپنڈی، کراچی، لاہور بھیجے، امریکہ نے سیلاب متاثرین کیلئے21 امدادی طیارے سکھر، کراچی ،راولپنڈی بھیجے، برادر اسلامی ملک ترکیہ نے سیلاب متاثرین کیلئے 13 طیارے امداد کراچی، راولپنڈی بھیجی۔
سیلاب متاثرین کیلئے امداد کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کامزید کہناتھا کہ چین اور قطر سے 4، 4 امدادی طیارے پاکستان آئے جبکہ عمان سے سیلاب متاثرین کیلئے امداد لے کر 6 طیارے پاکستان پہنچے، ترجمان نے بتایا کہ سعودی عرب سے 5، ازبکستان، فرانس، ترکمانستان اوراردن سے ایک ایک طیارہ امداد لے کر پاکستان پہنچا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ نیپال، برطانیہ، روس اور یونان نے بھی ایک ایک امدادی طیارہ پاکستان بھیجا،یونیسف نے 3، اقوام متحدہ ادارہ مہاجرین نے 13، عالمی ادارہ خوراک نے 3 امدادی طیارے بھیجے،ترجمان نے کہاکہ ترکیہ، تاجکستان، عمان نے زمینی اور بحری راستے سے بھی امداد پاکستان بھیجی،
 ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ ترکیہ ہلال احمر نے امدادی سامان کے 2 ٹرک پاکستان بھیجے،ترکیہ حکومت 3 امدادی مال گاڑیاں بھی پاکستان بھیج چکی ہے،ترجمان نے کہاکہ تاجکستان نے 87 ٹرکوں پر مشتمل امدادی قافلہ پاکستان بھیجا،عمان سے ایک بحری جہاز امدادی سامان لے کر کراچی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں سونا سستا، پاکستان میں کیا صورتحال رہی؟ جانیے

مزیدخبریں