(عامر شہزاد) سی سی پی او پشاور اشفاق انور کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ سکینڈل ایک منظم نیٹ ورک ہے، نقل کرتے ہوئے 74 طلباء و طالبات کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پشاور میں سی سی پی او سید اشفاق انور اور آر پی او کوہاٹ شیر اکبر خان نے پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس کے دوران سی سی پی او اشفاق انور نےکہا کہ ایم ڈی کیٹ سکینڈل ایک منظم نیٹ ورک ہے، ٹیسٹ میں استعمال ہونے والے جاسوسی آلات کی تعداد 44 ہے، کوہاٹ پولیس کی مدد سے ہم نے گینگ کے تمام ممبرز کو بے نقاب کر دیا ہے، نقل کرتے ہوئے 74 طلباء و طالبات کو گرفتار کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیب کیسز کھلنے کے بعد نوازشریف کی واپسی کب ہوگی؟ شہبازشریف نے بتادیا
اشفاق انور کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار طلباء کے خلاف پشاور کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر دیے گئے ہیں، ملزمان سے 7 حل شدہ پرچے بھی برآمد ہوئے، ڈیوائسز کے فرانزک تجزیہ کے بعد پتہ لگے گا کہ انکی مینو فیکچرینگ کہاں پر ہوئی، مرکزی ملزم کے خلاف پہلے بھی مقدمات درج ہوئے ہیں، ملزمان موبائلز فونز سمیت لاکھوں مالیت کا ایک بینک چیک بھی برآمد ہوا، امتحانی مراکز میں ڈیوٹی دینے والے ایٹا کے سٹاف کے سی ڈی آر ریکارڈ بھی چیک کررہے ہیں، ڈیوائسز جس نیٹ ورک سرور کے ساتھ منسلک تھے اس کی آئی پی ایڈریس کی معلومات کے لیے متعلقہ اداروں مراسلہ لکھ دیا ہے۔