میڈیکل کالجز وجامعات  کےایم بی بی ایس اوربی ڈی ایس ٹیسٹ آج ہورہے ہیں

لاہور میں ایم ڈی کیٹ کے لئے 8 امتحانی مراکز میں ساڑھے 16 ہزار سے زائد امیدوار امتحان دے رہے ہیں

Sep 22, 2024 | 09:16:AM

( وقاص احمد)ملک بھر کے میڈیکل کالجز اور جامعات  کےایم بی بی ایس اوربی ڈی ایس ٹیسٹ آج ہورہے ہیں۔

ملک بھر کے ایک لاکھ 67 ہزار سے زائد امیدوار ٹیسٹ دے رہے ہیں،لاہور میں ایم ڈی کیٹ کے لئے قائم کئے گئے 8 امتحانی مراکز میں ساڑھے 16 ہزار سے زائد امیدوار امتحان دے رہے ہیں۔

امتحانی مراکز کے باہر پولیس کی نفری  تعینات کی گئی ہے جبکہ پارکنگ اور ٹریفک انتظامات کیلئے 300 سے زائد وارڈنز بھی تعینات ہیں،کسی  ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہیں، ترجمان ریسکیو پنجاب کے مطابق صوبائی دارلحکومت سمیت پنجاب بھر میں ایم ڈی کیٹ کے امتحانی مراکز کو خصوصی ایمرجنسی کور فراہم کیاجارہا ہے،لاہور میں امتحانی مراکز کے قریب خصوصی کی پوائنٹ (key point) بنائے گئے ہیں جہاں ریسکیور ایمرجنسی ایمبولینس اور موٹر بائیک پہ متعین ہیں، دوران پیپر قریبی ریسکیو اسٹیشن بھی ہائی الرٹ رہیں گے۔

 ترجمان ریسکیو کے مطابق لاہور میں والدین اور گارڈین رش کی صورت میں بھگدڑ سے بچنے کیلئے تحمل کا مظاہرہ کریں اورکسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طورپر 1122 ڈائل کریں یا قریبی ریسکیو پوائنٹ سے رابطہ کریں۔

سندھ میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی ذمہ داری ڈاؤ یونیورسٹی کو سونپی گئی ہے،سندھ بھر سے تقریباً 38 ہزار 700 امیدوار حصہ لیں گےجن میں سے 13 ہزار کراچی سے ہیں،کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی کے اوجھا کیمپس میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان سے 5806 طلبا انٹری ٹیسٹ میں حصہ لے رہے ہیں،بلوچستان کے میڈیکل کالجز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ بیوٹمز میں ہوگا۔

خیبر پختونخوا سے ٹیسٹ میں 42 ہزار سے زیادہ امیدوار حصہ لے رہے ہیں جس کے لیے 8 اضلاع میں 13 امتحانی مراکز قائم ہیں۔

مزیدخبریں