پیجرز،واکی ٹاکی حملوں کا جواب،حزب اللہ نے اسرائیل پر میزائل برسا دئیے

Sep 22, 2024 | 10:25:AM

(24 نیوز)پیجرز،واکی ٹاکی حملوں کا جواب،حزب اللہ نے اسرائیل پر میزائل برسا دئیے۔

اسرائیلی فوج نے لبنان پر 400 حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے جواب میں ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ نے شمالی اسرائیل میں رمت ڈیوڈ ایئربیس پر درجنوں راکٹ داغ دیے۔

غیر ملکی خبررساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق بیروت پر حملے کے بعد اسرائیل نے لبنان پر مزید حملے شروع کر دیے ہیں، اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز لبنان پر 400 حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے،اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے لبنان کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ کے تنصیبات کو تباہ کردیا تاہم حزب اللہ کی جانب سے نقصان کی کوئی تصدیق کی گئی۔

دوسری جانب لبنان کی مزاحمتی تنظیم نے اپنے ٹیلیگرام چینل پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ شمالی اسرائیل میں رمت ڈیوڈ ایئربیس پر درجنوں راکٹ داغے گئے ہیں جس کے نتیجے میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گروپ کے مواصلاتی آلات کو نشانہ بنانے والے دھماکوں کے جواب میں اسرائیل کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے پہلے ہی اپنے شہریوں کو خبردار کردیا تھا کہ حزب اللہ کی جانب سے حیفہ اور دیگر شمالی علاقوں پر 24 گھنٹے میں بڑا جوابی حملہ کرسکتا ہے،اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کی جانب سے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار کی صبح لبنان سے 100 سے زائد میزائل داغے گئے ہیں تاہم حملے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کی اطلاع نہیں دی۔
 ضرورپڑھیں:قطر ایئر لائن کا لبنان سے آنیوالی پروازوں میں واکی ٹاکی اور پیجرز لانے پر پابندی

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں کیے گئے فضائی حملے میں حزب اللہ کے اہم کمانڈر ’ابراہیم عقیل‘ سمیت 12 سینئر کمانڈرز کو مارنے کا دعویٰ کیا تھا جب کہ لبنان نے مؤقف اختیار کیا کہ اسرائیلی حملے میں 3 بچوں سمیت 37 افراد شہید ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں