وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ اقوام متحدہ ، مصروفیات کا شیڈول سامنے آگیا

Sep 22, 2024 | 13:46:PM
وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ اقوام متحدہ ، مصروفیات کا شیڈول سامنے آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف 23 سے 27 ستمبر 2024 تک نیو یارک میں اقوام متحدہ کی 79ویں جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کریں گے ، وزیر اعظم 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے جس میں وہ پاکستان کی کثیر الجہتی حمایت کا اعادہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم عالمی امن، سلامتی، اور اقوام متحدہ کے کردار کی بھرپور حمایت کریں گے جبکہ وہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود دیرینہ مسائل، بشمول مسئلہ فلسطین اور تنازعہ جموں و کشمیر کی اہمیت پر بھی زور دیں گے، وزیراعظم شہبازشریف اپنے خطاب میں بین الاقوامی اقتصادی تعلقات میں موجود ناانصافیوں کو دور کرنے اور عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی بات کریں گے، وزیر اعظم شہباز شریف ماحولیاتی تبدیلیوں اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف عالمی برادری سے فوری اقدامات کی اپیل بھی کریں گے۔ان کے دورے کے دوران وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران کئی اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت کریں گے، جن میں "سمندر کی سطح میں اضافے کے خطرے پر اعلیٰ سطح اجلاس" بھی شامل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر اعظم شہبازشریف اپنے دورے کے دوران متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور پائیدار ترقی کے ایجنڈے پر بات چیت کریں گے، ان کی ملاقاتوں میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور صدر جنرل اسمبلی کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی شامل ہوں گی۔ یہ اجلاس پاکستان کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر اپنے مؤقف کو اجاگر کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف اپنے خطاب میں ترقی کے ایجنڈے میں عوام کو مرکزی حیثیت دینے پر زور دیں گے، تاکہ عالمی فلاح و بہبود اور سلامتی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔