(ویب ڈیسک)سابق امریکی صدر اور ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نائب صدر اور ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کملا ہیرس کے ساتھ ایک اور مباحثہ کرنے سے انکار کر دیا۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق کملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی نشریاتی ادارے "سی این این"پر صدارتی مباحثے کا چیلنج دیا تھاتاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے چیلنج قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اب بہت تاخیر ہو چکی ہے،اب 5 نومبر کوہونے والے صدارتی الیکشن سے پہلے مباحثہ ممکن نہیں ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس کے درمیان 10 ستمبر کو صدارتی مباحثہ ہوا تھا جس میں تجزیہ کاروں کے مطابق کملا ہیرس کو ٹرمپ پر برتری حاصل تھی۔
اس سے قبل جون میں امریکی صدر جو بائیڈن اور ٹرمپ کے درمیان بھی ایک مباحثہ ہوا تھا جس میں بائیڈن کی کارکردگی نے ڈیموکریٹس کو آئندہ الیکشن کے لیے پارٹی حکمت عملی تبدیل کرنے پر مجبور کیا اور پھر کملا ہیرس کو ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا۔