سری لنکا اور نیوزی لینڈ کا ٹیسٹ 5 کے بجائے 6 دن کا کیوں ہوگا؟جانئے

Sep 22, 2024 | 18:20:PM

(24نیوز)ٹیسٹ کرکٹ میں میچ عموما 5 دنوں پر مشتمل ہوتا ہےجس میں دونوں ٹیمیں 2، 2 اننگز کی بدولت میچ کا نتیجہ آنے تک مسلسل  5 دن تک کھیلتی ہیں،لیکن  نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان 18 ستمبر سے شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ 5 کے بجائے 6 دن تک ہوگا۔ 

 حیرت کی بات یہ ہے کہ ماضی قریب میں ایسی کوئی مثال سامنے نہیں کہ ایک ٹیسٹ میچ 5 کے بجائے 6 دن تک شیڈول ہو،ان دنوں نیوزی لینڈ کی ٹیم سری لنکا کے دورے پر ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ گال میں جاری ہے۔

یہ ٹیسٹ 18 سے 23 ستمبر تک شیڈول ہے، جو کہ 6 دن بنتے ہیں،لیکن ایسا کیوں؟ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے گال  ٹیسٹ میچ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میچ میں ایک  آرام کا دن دیا گیا ہے۔ 

گال ٹیسٹ میں 3 دن کا کھیل ہوچکا ہے اور ہفتے(21 ستمبر) کو سری لنکا میں صدارتی انتخابات کی وجہ سے اس میچ کے چوتھے دن پر ایک ریسٹ ڈے رکھا گیا جس کی وجہ سے اس میچ میں ایک اضافی دن شامل ہوگیا اور میچ5 کے بجائے 6 دن تک شیڈول ہوا،دونوں ٹیموں کے درمیان اب ٹیسٹ کے چوتھے دن کا کھیل اتوار کو شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ سری لنکا میں 2022 کے بدترین معاشی بحران کے بعد پہلے صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ ہفتے کو ہوئی جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

 یاد رہے کہ اس سے قبل آخری بار 2008 میں سری لنکا اور بنگلادیش کے درمیان ٹیسٹ میں ایسا ہوا تھا اور اس کی وجہ بنگلا دیش کے پارلیمانی انتخابات تھے، 2008 میں بنگلا دیش اور سری لنکا کے درمیان میرپور، ڈھاکا میں 26 سے 31 دسمبر تک ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران 29 دسمبر کو ملک میں انتخابات بھی شیڈول تھے،اس لیے انتخابات کے لیے 29 دسمبر کو آرام کے دن کے بعد 30 دسمبر کو کھیل دوبارہ شروع ہوا، جسے چوتھا دن سمجھا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں: ’بنگلہ دیش والو۔کیا پاکستان سمجھ لیا تھا ہمیں‘بھارت میں دلچسپ میمز وائرل

مزیدخبریں