باکمال لوگ لاجواب سروس۔۔۔ کسان کا انوکھا اقدام

Apr 23, 2021 | 11:55:AM

(24 نیوز) دکاندار گاہکوں کی دھوکہ دہی سے بچنے کیلئے مختلف قسم کے احتیاطی اقدامات کرتے ہیں تاہم ایک بھارتی ایماندار کسان نے اپنی سبزی فروخت کرنے کیلئے درمیانی افراد یا ملازم کے بجائے گاہکوں کی ایمانداری پرانحصار کا انوکھا قدم اٹھایا ہے۔

بھارت کے ایک اردو اخبار کی رپوٹ کے مطابق بھارتی شہر جگتیال کے لکشماپور کا رہنے والا ای ملیش کسان نے جگتیال پداپلی مین روڈ کے جبیتاپور کے قریب سبزی کا سٹال لگایا جو اطراف کے علاقوں کے افراد کو اپنی جانب راغب کررہا ہے ۔دیگر دکانات کے برخلاف اس سٹال میں کوئی بھی آدمی نہیں ہے البتہ اس پر ایک فلیکس بورڈ تلگو زبان میں لکھا ہوا ہے جس میں سبزی کی قیمت درج کی گئی ہے ۔اسی قیمت کے لحاظ سے گاہک سبزی لیتے ہیں اور رقم کو وہاں رکھے ڈبے میں ڈال جاتے ہیں۔اگر ان کے پاس درکار قیمت کی رقم نہ ہو تو وہ آن لائن ادائیگی کیو آر کوڈ کو سکیان کرتے ہوئے کرسکتے ہیں۔ملاریڈی کی اس چھوٹی سی دکان پر سبزیوں کو فروخت کرنے سے روزانہ اس کی آمدنی 300تا 500 روپئے ہوجاتی ہے ۔ملاریڈی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ دکان گاہکوں کے بھروسہ پر قائم کی گئی ہے اور اس کا کافی بہتر ردعمل بھی سامنے آرہا ہے ۔لوگ ایماندار ہیں جو  دکان سے لی گئی سبزی کی رقم ڈبے میں ڈال رہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تک اس کی دکان سے نہ ہی سبزی اور نہ ہی رقم کی چوری کی گئی ہے ۔ پیسوں کے معاملات پر نگرانی کے لئے اس دکان میں کسی کے بھی نہ ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر  ملا ریڈی  کا کہنا ہے کہ وہ اپنا زیادہ تر وقت اپنے کھیت میں لگاتا ہے اور اس کے پاس دکان میں بیٹھنے کے لئے وقت نہیں ہے ۔اگر کسی کو ملازم رکھا جائے تو اس کو روزانہ 300روپئے دینے پڑیں گے ۔درمیانی افراد مارکیٹ میں اثرانداز ہوتے ہیں۔کسانوں کو نہ ہی اصل  امدادی قیمت ملتی ہے اور نہ ہی گاہک ضروری اشیا پر بھاری رقم صرف کرسکتے ہیں۔اسی لئے اس نے سبزی کا انوکھا سٹال لگانے کا فیصلہ کیا جہاں قابل دسترس قیمت ہو اور مارکیٹ سے کہیں کم دام پر سبزی مل سکے ۔گاہک بھی کم قیمت پر سبزی حاصل کرنے پر خوش ہیں۔ملاریڈی بی اے بی ایڈ ہے اور اس نے اپنی سات ایکڑ اراضی پر نامیاتی طریقہ سے سبزیوں اور پھلوں کی کاشت شروع کی۔

یہ بھی پڑھیں:  کراچی ، لاہور اور اسلام آباد میں آج  افطار  کے اوقات

مزیدخبریں