(24نیوز)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سیاحت کے شعبے میں ترقی کرلیں تو ملک کے قرضے واپس کرسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مری میں کوہسار یونیورسٹی کی اپ گریڈیشن کا افتتاح کیا، بعد ازاں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے علاقے مشہور سیاحتی مقامات سے زیادہ پرکشش ہیں مگر ماضی میں سیاحت پر کسی نے توجہ نہیں دی،موجودہ حکومت کی خصوصی کاوشوں کے باعث ملک میں سیاحت کا شعبہ ترقی کررہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے ملکی معیشت میں انقلاب لایاجاسکتاہے، سیاحت کے شعبے میں ترقی کرلیں تو ملک کے قرضے واپس کرسکتے ہیں، دنیا میں ساٹھ ارب ڈالر وہ علاقہ کماتا ہے جو ہمارے ناردرن ایریاز سے بھی آدھا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت عام آدمی کی بہتری کیلئے کوشاں ہے، غریب طبقے کی فلاح و بہبود موجودہ حکومت کی ترجیح ہے، ہم اپنے نچلے طبقے کو اوپر اٹھائیں گے ،انسانوں پر پیسہ خرچ کریں گے۔
وزیراعظم نے سیاحت کو پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ اللہ نے پاکستان کو کن کن نعمتوں سے نوازا ہے، کے پی اور گلگت جائیں تو وہاں بھی سیاحتی مقامات بن سکتے ہیں،کوہستار یونیورسٹی سیاحت کے فروغ کیلئے بہت اہم ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مری میں ایک فیملی کے گھر پر 83کروڑ روپے خرچ کئے گئے، اس گھر میں بڑے بڑے وزیر یہاں آکر مفت ٹھہرتے تھے، جس پر سرکاری کروڑوں روپیہ خرچ ہوتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: فکر پاکستان کیخلاف کوئی بھی قدم پاکستان کی اساس کیخلاف ہوگا ، پرویز الٰہی