(24 نیوز)وزرات قومی صحت نے چین سے آئی کورونا ویکسین‘سائینو ویک‘ کیلئے گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔پاکستان نے گزشتہ روز سائینو ویک ویکسین حکومتی سطح پر چین سے درآمد کی ہے۔سائینو ویک کی پانچ لاکھ ڈوز درآمد کی گئی ہے۔
وزارت قومی صحت کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ایک فرد کو سائینو ویک ویکسین کی دو خوراکیں لگائی جائیں، پہلی خوراک کے بعد ویکسین کی دوسری خوراک 28 دن بعد لگائی جائے،ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جائے، بچوں کو ویکسین نہ لگائی جائے۔ہدایت نامے میں کہا گیا کہ بخار ہونے کی صورت میں ویکسین لگانے سے اجتناب کیا جائے، ایسے افراد جن کو کورونا ویکسین یا کسی بھی قسم کی ویکسین سے الرجی ہو،نہ لگائیں، شدید دائمی امراض کے شکار افراد کو ویکسین نہ لگائی جائے۔
ہدایت نامے میں مزید کہا گیا کہ حاملہ خواتین کو ویکسین لگانے میں احتیاط کی جائے، اس پر کم تجربات کئے گئے ہیں، نکسیر مسائل کا شکار افراد کو ویکسین لگنے سے خون نکل سکتا ہے، شوگر کنٹرول نہ ہونے، مرگی کے مریضوں میں احتیاطی تدابیر کا خیال رکھا جائے۔ہدایت نامے کے مطابق ویکسین کی شیلف لائف 12 ماہ ہے، ویکسین کو دو سے آٹھ سینٹی گریڈ تک سٹور کیا جائے، ویکسین کو فریز نہ کیا جائے، روشنی سے بچایا جائے، ویکسین کے لیے روم ٹمپریچر 25 سینٹی گریڈ سے زیادہ نہ ہو۔ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ سائنو ویک ویکسین بازوو¿ں کے بالائی حصے میں پٹھوں پر لگائی جائے،ویکسین کو شریانوں میں کسی صورت نہ لگایا جائے۔
چین سے درآمد کردہ سائینو ویکسین کب لگانے سے گریز کیا جائے، گائیڈ لائنز جاری
Apr 23, 2021 | 23:16:PM