(ویب ڈیسک)حمزہ شہبازشریف کی حلف برداری کی تقریب کا وقت ایک بار پھر تبدیل کردیا گیا،حلف برداری کی تقریب چار بجے کی بجائے افطار کے بعد متوقع ہے ۔
ذرائع کے مطابق چیئر مین صادق سنجرانی اسلام آباد سے لاہور پہنچ چکے ہیں ،دوسری جانب صدر عارف علوی نے چیئر مین سینیٹ سے ملاقات کی ہے اور ملاقات میں بتایا ہے کہ آپ نے عدالتی حکم پر نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینا ہے ۔اس سے قبل چار بجے وزیراعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب کی خبریں سامنے آرہی تھیں ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری کی تیاریاں گورنر ہاؤس میں شروع ہوگئیں ۔آج شام چار بجے نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے حلف لینا تھا مگر ایک بار پھر شیڈول تبدیل کردیا گیا ۔ذرائع کے مطابق ایوان صدر کو عدالت عالیہ کا حکم نامہ موصول ہوا تھا جس کے بعد ایوان صدرکی طرف سے نو منتخب وزیر اعلیٰ سے حلف لینے کیلئے نمائندہ مقر ر کردیا ۔ ذرائع کے مطابق ایوان صدر کو ہائیکورٹ کا حکم موصول ہوگیا اور ایوان صدر نے اس پر وزیر اعظم ہاوس سے رائے مانگی ،وزیراعظم ہاوس نے چیئرمین سینٹ کو وزیراعلی کا حلف لینے کا مشورہ دیا۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے کل گورنر پنجاب کو حلف برداری سے انکار کے لیے تحریری طور پر آگاہ کرنے کی مہلت دی تھی تاہم گورنر پنجاب کی جانب سے جواب جمع نہ کرائے جانے پر عدالت نے صدر کو ہدایت دی تھی کہ وہ وزیراعلیٰ کی حلف برداری کے لیے کوئی اور نمائندہ مقرر کریں۔