(24 نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے مریم نوازکی عمرہ ادائیگی کیلئے پاسپورٹ واپسی کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کردی،لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے کیس کی سماعت کیلئے کازلسٹ جاری کردی۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ مریم نواز کی درخواست پر 25 اپریل کو سماعت کرے گا، جسٹس فاروق حیدر دورکنی بنچ کا حصہ ہوں گے، مریم نواز کی درخواست احسن بھون ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ عدالتی حکم پر پاسپورٹ ہائیکورٹ سرنڈر کر رکھا ہے،مریم نواز عمرے کی ادائیگی کیلئے 27 اپریل کو سعودی عرب جانا چاہتی ہیں،پاسپورٹ سرنڈر ہونے کی وجہ عمرے کی ادائیگی نہیں ہو سکتی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمرے کی ادائیگی کیلئے جانے کی اجازت دی جائے، عمرے کی ادائیگی کیلئے پاسپورٹ مریم نواز کے حوالے کرنے کا حکم دیا جائے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو ضمانت دیتے ہوئے پاسپورٹ سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اعتزاز احسن نے پیپلزپارٹی چھوڑنے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دےدیا