چیف جسٹس کی ساس کی مبینہ آڈیو لیک پر سینئر صحافی منصور علی خان کا دلچسپ ردعمل

Apr 23, 2023 | 22:16:PM

 (24 نیوز ) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی ساس کی مبینہ آڈیو لیک پر اینکر پرسن و سینئر صحافی منصور علی خان نے دلچسپ ٹویٹ کرتے ہوئے اہم پیغام شیئر کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی سائیٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں منصور علی خان نے کہا  "بات اگر گھر کی عورتوں کی ریکارڈنگ تک آ گئی ہے تو سمجھ جائیں لڑائی اب مَردوں کی طرح نہیں لڑی جا رہی۔"

جس پر لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک اور صحافی اور پاکستان تحریک انصاف کی بیٹ کرنے والے چودھری ارشد نے  منصور علی خان کے ٹویٹ   کا جواب دیتے ہوئے انہی سے سوال کر ڈالا کہ پہلے مردوں کی طرح کب لڑی گئی ہے؟؟

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی ساس ’ ماہ جبین ‘ اور سینئر وکیل خواجہ طارق رحیم  کی اہلیہ رافعہ طارق کے درمیان ہونے والی ٹیلفونک گفتگو کی مبینہ آڈیو لیک سامنے آئی ہے جس میں وہ گفتگو کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’ الیکشن نہیں تو پھر مارشل لاءلگے گا، یہ کسی صورت نہیں رہ سکتے “،مبینہ آڈیو میں رافعہ کہتی ہیں کہ اللہ باقیوں کو اندھا کر دے ، میں تو یہ کہہ رہی ہوں ، وہ تو اس ملک کے غدار ہیں، دیکھو وہ کر کیا رہے ہیں۔ ماہ جبین جواب دیتی ہیں کہ لیکن اب وہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں یہ کرنے کا اختیار کیوں دیا گیا ،جان کر ایڈوانٹیج دے رہے ہیں، سوال کیا جارہاہے کہ سوموٹو کیوں دیا گیاہے ،عمر کو تو نہیں دیا، یہ تو پہلے کا ہوا ہواہے ، رافعہ کہتی ہیں کہ یہ تو ہر چیف جسٹس کا حق ہے ۔

مزیدخبریں