ملک بھر میں گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پنجاب سمیت ملک بھر میں آج سے 29 اپریل تک آندھی جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بادل پھر برس پڑے، مختلف مقامات پر ژالہ باری نے موسم کا حسن دوبالا کردیا۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی کہیں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن سمیت دیگر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ رم جھم ہوئی۔ لاہور کے علاوہ مریدکے، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، صفدر آباد، جڑانوالہ، فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کامونکی، اوکاڑہ، جھنگ، بہاولپور، رینالہ خورد، کوٹ ادو، بھلوال، کبیروالا، حافظ آباد، منچن آباد، شورکوٹ، پاکپتن اور دیگر شہروں میں صبح کے وقت بادل برسے۔
مزید پڑھیں: ایرانی صدر کی لاہور میں مصروفیات، رنگ روڈ سہ پہر 3بجے تک بند رہے گا
بارش کے باعث حالیہ دنوں میں بڑھنے والی گرمی کا زور ایک مرتبہ پھر ٹوٹ گیا، بارش کے ساتھ چلنے والی تیز ہواؤں سے موسم خوش گوار ہو گیا، جس کے بعد شہریوں میں موسم کی تبدیلی کی وجہ سے خوشی کی لہر دوڑ گئی، بارش ہونے سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جبکہ بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 29 اپریل تک پنجاب میں آندھی جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں۔
شہر قائد میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب ہے ۔ ماہرین نے دن کے اوقات میں گرمی کی شدت مزید 32 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ مغربی سمت سے13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 69فیصد ہے۔ ائیرکولیٹی انڈکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار بہتر ہوگیا ہے،دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی انتیسویں نمبر جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چھٹے نمبر پر آگیا ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 76 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی جارہی ہے۔
دوسری جانب 24 سے 27 اپریل کے درمیان بلوچستان میں بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہو نے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ کل سے27 اپریل کے دوران کوئٹہ، زیارت، شیرانی، موسیٰ خیل، نوشکی، پشین، ہرنائی، ژوب، بارکھان، کوہلو اور سبی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گوادر، کیچ، آواران، چاغی، خاران، قلات، مستونگ، جھل مگسی، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، قلعہ سیف اللّٰہ اور قلعہ عبداللّٰہ میں بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ نوشکی، پشین، ہرنائی، بارکھان، گوادر، کیچ، آواران میں 26 اور 27 اپریل کے دوران ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
خیبر پختونخوا میں جمعرات کی رات سے پیر تک بارش، ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ سندھ میں جمعرات اور جمعہ کو سکھر، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ، دادو، قمبر شہداد کوٹ، جامشورو اور سانگھڑ میں گرد آلود ہوائیں، آندھی چلنے اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں جمعہ سے پیر تک بارش، ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔