ٹام کروزشدیدبرفانی حالات میں بھی فلم کی عکس بندی میں مصروف
ایکشن تھرلر فرنچائز مشن امپاسیبل کی آخری فلم دی فائنل ریکوننگ23مئی کوریلیزہورہی ہے

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)ٹام کروز"مشن امپاسیبل دی فائنل ریکوننگ" کی شدید برفانی حالات میں بھی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
ہالی ووڈ کے سینئر اداکار ٹام کروز کی فلم"مشن امپاسیبل: دی فائنل ریکوننگ"23 مئی کو ریلیز ہونے جا رہی ہے، جو اس مشہور اور ایکشن تھرلر فرنچائز کی آخری فلم ہوگی۔
ٹام کروز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر فلم کے سیٹ سے ایک خصوصی ویڈیو شیئر کی ہے جو مداحوں کو ناروے اور نارتھ پول کے درمیان واقع برفانی علاقے اسوالبارڈ کے سخت ترین موسم کی جھلک دکھاتی ہے۔
ٹام کروز نے اسوالبارڈ کو ناقابلِ یقین حد تک حسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعی ایک شاندار جگہ ہے جہاں فلم بندی کا موقع ملا، یہ ایک انوکھا تجربہ ہے۔
فلم کے ساتھی اداکار سائمن پیگ نے بھی سخت سردی کا ذکر کرتے ہوئے کہا اگر آپ آئس کیپ پر شوٹنگ کرنا چاہتے ہیں تو تیاری کرلیں کیونکہ درجہ حرارت انتہائی حدوں کو چھوتا ہے،آرکٹک کا ٹھنڈا تھپیڑا ہمیں براہِ راست چہرے پر محسوس ہوا۔
ہدایت کار کرسٹوفر مک کواری نے شدید سردی میں شوٹنگ کے چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ مائنس 40 ڈگری کے حالات کو جھوٹ موٹ دکھا نہیں سکتے،چند سیکنڈ کے لیے دستانے اتاریں اور انگلیاں سن ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کئی بار دھوکہ ملا،اب ڈپریشن کا شکار اورتنہاہوں:خوشبوخان
اداکارہ ہیلی ایٹویل بھی اس فلم کا حصہ ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ایسے سخت ماحول میں موجود ہونا فلم میں سنسنی اور ڈرامے میں اضافہ کرتا ہے۔
فلم کی ٹیم کی طرف سے ایک نوٹ بھی جاری کیا گیاہے کہ یہ ایک اعزاز ہے کہ ہم اسوالبارڈ جیسی جگہ کو دنیا کے سامنے لا رہے ہیں،یہ ہر لحاظ سے دِل موہ لینے والا ہے اور ہم بے چینی سے منتظر ہیں کہ آپ اسے سینما میں دیکھیں۔
یاد رہے کہ اس فلم میں ٹام کروز ایک بار پھر ایٹھن ہنٹ کے کردار میں جلوہ گر ہوں گے۔