سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کے بعد اچانک ہزاروں روپے کی بڑی کمی

Stay tuned with 24 News HD Android App

( 24 نیوز)عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے زیورات بنانے والے اور سرمایہ کار حلقوں میں نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔
مقامی صرافہ بازار میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 11 ہزار 700 روپے کی بڑی کمی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد فی تولہ سونا 3 لاکھ 52 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 10 ہزار 31 روپے کی کمی واقع ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 1 ہزار 783 روپے مقرر کی گئی ہے۔ سونے کی قیمتوں میں اس اچانک اور بڑی کمی سے بازار میں سرگرمیوں میں وقتی تیزی دیکھی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:زلزلے کے شدید جھٹکے
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر سونا 116 ڈالر سستا ہو کر 3 ہزار 338 ڈالر فی اونس پر آ گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کمی کی ممکنہ وجوہات میں عالمی معیشت کی سمت، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ، اور بین الاقوامی مالیاتی پالیسیوں میں تغیر شامل ہو سکتے ہیں۔
صرافہ بازار سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر یہی رجحان برقرار رہا تو مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مزید کمی کے امکانات موجود ہیں، جو زیور خریداروں اور شادی سیزن کی تیاری کرنے والے افراد کے لیے ایک خوشگوار خبر ہو سکتی ہے۔