(24 نیوز)افغان طالبان نے احمد مسعود کے انکار کے بعد صوبہ پنجشیرکی طرف پیش قدمی شروع کردی۔
افغان اردو ویب سائٹ کے مطابق طالبان کاکہناہے کہ احمد مسعود کے انکار کے بعد وادی پنجشیر پر حملے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اطلاعات کے مطابق قاری فصیح الدین پنجشیر پر حملے کی قیادت کر رہے ہیں اور دو چیک پوسٹس پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ صوبہ پنجشیر افغانستان کے قومی مزاحمتی محاذ کے رہنما احمد مسعود کے کنٹرول میں ہے جبکہ طالبان نے انہیں صوبہ حوالے کرنے کیلئے چند گھنٹوں کی مہلت دی تھی۔احمد مسعود نے غیرملکی خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے شدت پسندی کو ختم کرنے کیلئے طالبان کے ساتھ مل کر وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل کیلئے سیاسی مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم طالبان کا مقابلہ کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر افغانستان میں امن اور سلامتی کو یقینی بنانے کی راہ ہموار ہوتی ہے تو ایسی صورت میں وہ اپنے والد کا خون معاف کرنے کو تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کا بدلہ لینے کیلئے افغان سرزمین استعمال کرنے سے باز رہے: گلبدین حکمت یار