صدر مملکت سے آسٹریلیا میں پاکستان کے نامزد سفیر زاہد حفیظ چوہدری کی ملاقات 

Aug 23, 2021 | 20:41:PM

(24 نیوز)صدر عارف علوی سے سبکدوش ہونے والے ترجمان وزارت خارجہ ،آسٹریلیا میں پاکستان کے نامزد سفیر زاہد حفیظ چوہدری نے ملاقات کی اس موقع پر صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ، پاکستان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں آسٹریلیا کے ساتھ تعاون مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں، پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص زراعت ، تجارت ، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں دوطرفہ تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے کاروبار دوست پالیسیاں اپنائیں ، اپنی توجہ جغرافیائی سیاست سے جیو اکنامکس پر منتقل کی ، نامزد ہائی کمشنر آسٹریلیا میں پاکستانی شہریوں کی سہولت اور فلاح و بہبود کے لیے کام کریں ، ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے کہاکہ آسٹریلیا میں پاکستانی طلباءکی قابل ذکر تعداد موجود ، دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے زاہد حفیظ چوہدری کو آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے طور پر تقرری پر مبارکباد دی اور کہاکہ نامزد سفیر پاکستان آسٹریلیا تعاون مزید مضبوط اور متنوع بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: طبیعت ناساز۔۔آصف زر داری نے ہائیکورٹ میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی

مزیدخبریں