پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے کمرے پر چھاپہ، پستول برآمد

Aug 23, 2022 | 09:06:AM
اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے کمرے پر چھاپہ مارا ہے
کیپشن: اسلام آباد پولیس شہباز گل کے کمرے پر چھاپے کے دوران اسلحہ برآمد کرتے ہوئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں موجود پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے کمرے سے مبینہ غیر قانونی اسلحہ اور سیٹلائٹ فون سمیت دیگر اشیا برآمد کرلیں۔

ایس ایس پی کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری شہباز گل کو ہتھکڑیوں میں لے کر پارلیمنٹ لاجز پہنچی۔ جہاں ان کے کمرہ نمبر ایف 206 کی تلاشی لی گئی۔ دوران تلاشی کمرے سے ایک لوڈِڈ پستول، موبائل فونز اور ایک سیٹلائٹ فون، یو ایس بیز، پرس اور دوپاسپورٹ ملے جبکہ کمرے میں موجود الماری مہنگے کپڑوں سے بھری تھی۔

اسلحہ سے متعلق شہباز گل نے کہا انہیں اس کا علم نہیں۔ ان کے پاس اے کے 47 رائفل ہے، جس کا لائسنس موجود ہے۔ جس کمرے سے اسلحہ ملا وہ گارڈ کے زیر استعمال تھا۔ پرس بھی گاڑی میں چھوڑ دیا تھا، یہاں کیسے آیا معلوم نہیں۔ میرے کمرے میں چیزیں تبدیل تھیں اس کا مطلب ہے کوئی آیا تھا۔

صحافیوں کے سوالات پر شہباز گل نے کہا کہ دوران حراست ان کا جنسی استحصال بھی ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے شہباز گل کا نجی ٹی وی پر پڑھا گیا اسکرپٹ برآمد کرنے کے لیے پارلیمنٹ لاجز میں موجود ان کے کمرے پر چھاپہ مارا تھا۔

ادھر ذرائع کے مطابق پولیس نے شہباز گل سے اہم دستاویزات بھی برآمد کرلیں۔ پولیس نے شہباز گل کے ہمراہ پارلیمنٹ لاجز اور کے پی ہاؤس میں بھی آپریشن کیا۔ پولیس نے سرچ آپریشن میں لال ڈائری بھی برآمد کرلی۔

 ذرائع کے مطابق پولیس شواہد کا معائنہ کرنے میں مصروف ہے۔ شہباز گل سے برآمد ڈیٹا ڈیوائسز سے اہم معلومات برآمد، پولیس نے برآمد ہونے والے اسلحہ پر شہباز گل کے ڈرائیور اور گارڈز سے تحقیقات کا فیصلہ بھی کرلیا۔

 پولیس اور تحقیقاتی ٹیموں نے برآمد ہونے والے موبائل فونز کا معائنہ شروع کر دیا۔ شہباز گل سے برآمد سیٹلائیٹ فون کا بھی ڈایٹا نکلوانے پر کام جاری ہے۔