(ویب ڈیسک )کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے بلوچی گانے ’ کنا یاری‘ سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکار عبدالوہاب بگٹی کو بلوچستان میں سیلاب کے نتیجے میں بے گھر ہونے کے بعد قریبی شہر میں پناہ مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پاکستان بھر میں اور خاص طور پر بلوچستان میں تباہ کن سیلاب آئے ہیں، جس سے بہت سے گھر زیر آب یا مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی ایک رپورٹ کے مطابق، ملک بھر میں اب تک سیلاب سے 36 ہزار سے زائد گھرانے متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 60 فیصد بلوچستان میں ہیں۔ایسا ہی ایک گھر بلوچ گلوکار وہاب علی بگٹی کا ہے، جنہوں نے 2022 میں کوک اسٹوڈیو کے مشہور گانے ’کنا یاری‘ سے شہرت حاصل کی، اس گانے میں اُنہوں نے بلوچ فنکاروں کیفی خلیل اور ایوا بی کے ساتھ اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔
گلوکار وہاب بگٹی نے میڈیا کو آگاہ کیا ہے کہ اب وہ اپنے گاؤں سے شہر ڈیرہ مراد جمالی میں منتقل ہو گئے ہیں۔ اُنہوں نے مشکل وقت میں مالی امداد بھیجنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ میں اور میرا خاندان اب محفوظ ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کوک اسٹوڈیو کے پروڈیوسر زلفی اور میرے ساتھی گلوکاروں نے میرے ساتھ اس وقت رابطہ کیا جب میرے بھائیوں نے ہمارے بے گھر ہونے کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیں۔ وہاب بگٹی نے بتایا کہ جیسے ہی کوک اسٹوڈیو کی ٹیم کو میرے بے گھر ہونے کے بارے میں پتہ چلا تو اُنہوں نے میرے ساتھ بہت زیادہ تعاون کیا۔
خیال رہے کہ کوک اسٹوڈیو کی پوری ٹیم کی جانب سے شو کے پروڈیوسر زلفی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر وہاب بگٹی کے لیے خصوصی پیغام شیئر کیا تھا۔اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ہم اس مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لیے وہاب بگٹی صاحب اور ان کے چاہنے والوں کے ساتھ ہیں۔
اُنہوں نے یقین دہانی کرواتے ہوئے لکھا کہ وہاب بگٹی صاحب کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔