رانا ثنااللہ نے عمران خان کو گرفتار کرنے کا لائحہ عمل تیار کر لیا

Aug 23, 2022 | 13:51:PM

 (ویب ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ ہم کوشش کریں گے کہ عمران خان کی ضمانت کی درخواست خارج ہو جائے اور انہیں اسی وقت عدالت سے گرفتار کرلیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان کو ملنے والی راہداری ضمانت پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنا اور بھی آسان ہوگیا ہے، ان کے خلاف درج کیے گئے دہشتگردی کے معاملے میں مزید کسی ثبوت کی ضرورت نہیں، ان کے بیانات اور الفاظ کی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا گیا ہے اور عمران خان خود گواہ اور ثبوت ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اب جب عمران خان عدالت میں ضمانت کروائیں گے اور ہمیں نوٹس جاری ہوں گے تو ہم کوشش کریں گے کہ عمران خان کی ضمانت کی درخواست خارج ہو جائے اور انہیں اسی وقت عدالت سے گرفتار کرلیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے جج کے خلاف توہین آمیز گفتگوکی اور دھمکیاں دیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی ان کی دھمکیوں کو جرم کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے  سوموٹو لیا، اب  اسلام آباد ہائیکورٹ بھی کارروائی کا آغاز کرے گی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان جس جیل میں رہنا چاہیں گے ان کو اس جیل میں رکھا جائےگا، اگر وہ پنجاب کی جیل جانا چاہیں تو وہاں بھیج دیں گے یا پھر اسلام آباد ہی کسی جگہ کو سب جیل قرار دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ  پنجاب میں پرویز الٰہی کی حکومت عمران خان کو جتنی بھی سہولتیں دے دے لیکن عمران کے لیے جیل میں رہنا بہت مشکل ہوگا۔

مزیدخبریں