(ویب ڈیسک )بالی ووڈ کے معروف گلوکار کرشنا کمار کنتھ المعروف کے کے کی 54 ویں سالگرہ کے موقعے پر ان کی اہلیہ نے سوشل میڈیا پر ان کی اَن دیکھی یاد گار تصویر شئیر کردی۔ جس کے ساتھ انہوں نے پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’’سالگرہ مبارک ہو، لو یو تمہیں بہت یاد کرتے ہیں، بہت تکلیف ہوتی ہے‘۔جوتی کرشنا کی جانب سے جذباتی پوسٹ شیئر کیے جانے پر مداحوں نے بھی کے کے کو یاد کرتے ہوئے کمنٹس میں تبصرے دینے شروع کردیئے۔
واضح رہے کہ میوزک انڈسٹری کو لاتعداد گانے دینے والے لیجنڈری گلوکار کرشنا کمار کنتھ رواں سال 31 مئی کو کلکتہ میں کانسرٹ کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے تھے۔
اس سے قبل رواں سال جون میں ان کے بیٹے ناکُل کرشنا نے بھی والد کو یاد کرتے ہوئے ایک نوٹ لکھا تھا کہ ’’جو کچھ ہوا اسے تسلیم کرنے میں مجھے تین ہفتے لگے بلکہ اب بھی اس کی تکلیف مجھے جسمانی طور پر محسوس ہوتی ہے، جیسا کہ کوئی بھاری بوجھ ہو میرے سینے پر جس سے میرا دم گھٹ رہا ہے۔ میں اپنے والد کے بارے میں کچھ کہنا چاہتا تھا، ان کے بارے میں بہت کچھ شیئر کرنا تھا لیکن صدمے کے باعث کچھ بھی کہہ نہیں سکا۔
میں اب سمجھ سکا ہوں کہ میں کتنا خوش قسمت تھا، اس لیے نہیں کہ آپ نے مجھے زندگی کی ہر آرام و آسائش فراہم کی، بلکہ اس لیے کہ میں آپ کو قریب سے دیکھ سکتا تھا۔‘‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’’ آپ نے ہمیشہ میرے ساتھ برابری کا سلوک کیا۔ بیک وقت میری دنیا سے حفاظت بھی کی اور مجھے دنیا فتح کرنے کا حوصلہ بھی دیا۔ زندگی کے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا، میں نے جو کرنا چاہا مجھے کرنے کی اجازت دی۔ آپ کھلے ذہن سے میری ہر بات سنتے مجھے سمجھتے تھے۔ میرے دوست ہمیشہ اپنے والد کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بتاتے ہیں اور مجھے بہت تعجب ہوتا ہے کیوں کہ میرا تجربہ ان سے الگ تھا۔‘‘
واضح رہے کہ ناکُل کرشنا اور تامارا کرشنا نے والد کی یاد میں کچھ عرصہ قبل کے کے کا مشہور زمانہ گانا ’’یاروں‘‘ کو دوبارہ بناکے پیش کیا تھا۔
یاد رہے کہ کے کے نے انٹرویو کے دوران بتایا تھا کہ انہوں نے جوتی کو کلاس 6 میں پہلی بار دیکھا تھا بعدازاں 1991 میں ان سے شادی کی۔ ان کے دو بچے ایک بیٹا ناکُل کرشنا (Nakul) اور ایک بیٹی تامارا کرشنا (Taamara) ہیں۔