توشہ خانہ ریفرنس، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل، سپریم کورٹ کی آج کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل پر سپریم کورٹ نے آج کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔
توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل پر سپریم کورٹ کی آج کی سماعت کا 4 صفحات پر مشتمل حکمنامہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے تحریر کیا۔سپریم کورٹ کے تحریری حکمنامہ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی سمیت دیگر اپیلوں پر ہائیکورٹ فیصلہ کرے، مناسب یہی ہے کہ ہائیکورٹ کا احترام کرتے ہوئے اس کے فیصلے کا انتظار کریں، تمام فریقین کل 2 بجے توشہ خانہ کیس میں عدالت پیش ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ
سپریم کورٹ کے تحریری حکمنامے میں مزید کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی 5 اگست سے جیل میں ہیں، 5 اگست کو ٹرائل کورٹ نے متعدد بار کیس کال کیا مگر چیئرمین پی ٹی آئی کا کوئی وکیل پیش نہ ہوسکا، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے عدالت میں کوئی نمائندگی نہیں تھی، ٹرائل کورٹ نے وکلا کے پیش نہ ہونے پر یکطرفہ فیصلہ سنا دیا، چیئرمین پی ٹی آئی کی 2 اگست گو گواہان پیش کرنے کی درخواست بھی خارج کی گئی۔
سپریم کورٹ کے جاری کردہ تحریری حکمنامے میں یہ بھی کہا گیا کہ سزا معطلی کی درخواست ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے جس پر کل سماعت ہوگی، ٹرائل کورٹ کے دائرہ اختیار اور اپیل قابل سماعت ہونے کے مقدمات بھی ہائیکورٹ میں زیر التوا ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت میں سنجیدہ نکات اٹھائے جن کا جائزہ لینا ضروری ہے۔