آرمی چیف سے ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ کی ملاقات، ڈیجیٹل دور، جعلی خبروں کے خطرات پر گفتگو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور)آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے ملاقات کی جس میں ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور جعلی خبروں کے خطرات پر گفتگو ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ہارورڈ بزنس سکول کے 9 مختلف ممالک کے 44 طلبہ کے وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں آرمی چیف نے علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کے اہم کردار، دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل کوششوں سمیت جمہوری اقدار کو فروغ دینے کے عزم پر اظہار خیال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے موجودہ درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعلیم، تنقیدی سوچ اور جدت پسندی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
آرمی چیف نے پاکستان کی وسیع صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور طلبہ کو ذاتی تجربات کی بنیاد پر اپنی رائے قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور جعلی خبروں کے خطرات کے بارے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ سمجھداری کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیں۔
ہارورڈ کے طلبہ نے تعمیری اور مؤثر بات چیت کا موقع فراہم کرنے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل 20 اگست کو آرمی چیف سے مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ نے بھی ملاقات کی تھی جس میں آرمی چیف نے نوجوانوں کی تربیت اور حوصلہ افزائی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا تھا۔