(ویب ڈیسک)معروف اداکار عدنان صدیقی نے ڈرامہ سیریل "جینٹلمین"کے لیے بالی ووڈ اسٹار سنجے دت کا مشہور کردار "رگھو" چُرانے کے الزام پر وضاحت دے دی۔
عدنان صدیقی ان دنوں ڈرامہ سیریل "جینٹلمین" میں "رحمتی" نامی ایک شخص کا کردار ادا کررہے ہیں جسے جہاں مداحوں کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے تو وہیں کچھ سوشل میڈیا صارفین نے اس کردار کو سنجے دت کے مشہور کردار "رگھو" کی نقل بھی قرار دیا ہے۔
اب اس حوالے سے عدنان صدیقی نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہاہے کہ ایک روز میں، ہمایوں سعید اور ثناء شاہنواز ساتھ بیٹھے تھے، ہم گفتگو کررہے تھے کہ ڈرامے میں "رحمتی" کا حلیہ کیسا ہونا چاہیے، اُس کی ظاہری شخصیت کیسی ہوگی؟ اسی دوران مجھے اپنا ایک دوست یاد آیا جو بالکل رحمتی جیسا نظر آتا ہے، وہ تمباکو کھاتا ہے، آنکھوں میں سُرما لگاتا ہے اور گلے میں چین اور انگوٹھی وغیرہ بھی پہنتا ہے۔
اداکار نے کہا کہ میں نے اپنے دوست سے متاثر ہوکر "رحمتی" کی ظاہری شخصیت ایسی بنائی یعنی میں نے اس کردار کے لیے اپنے دوست کو نقل کیا، کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ "رحمتی" کا لُک بھارتی ہیرو کے کردار کی کاپی ہے، اب میں اس بارے میں کیا کہوں لیکن یہ بہت اچھی بات ہے کہ میرے کام کو اچھے کام سے ہی ملایا جارہا ہے۔
عدنان صدیقی نے مزید کہا کہ میں نے ہرگز بالی ووڈ اسٹار کا کردار کاپی کرنے کی کوشش نہیں کی لیکن اگر ایسا ہوگیا ہے تو یہ کوئی بڑی بات نہیں کیونکہ یہ محض ایک کردار ہے اور اس کا کوئی کاپی رائٹس نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ سال 1999ء میں ریلیز ہونے والی فلم "واستو" میں سنجے دت نے "راگھوناتھ نامدیو شیوالکر" عرف "رگھو" کا کردار ادا کیا تھا۔