عمران خان کا پیغام ہے 8 ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہوگا: علیمہ خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا لیڈر شپ کو پیغام ہے 8 ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہوگا۔
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے جلسہ انتشار کے خدشے کے باعث مؤخر کیا، بانی پی ٹی آئی نے کہا مجھے بتایا گیا مذہبی جماعتیں اسلام آباد میں اکٹھی ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اعظم سواتی اور بیرسٹر گوہر کو کہا ہے کہ 8 ستمبر والا جلسہ ملتوی نہیں ہوگا، 8 ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہو گا، ورکرز کو ہدایات دی گئی ہیں کہ اگر اب جلسہ منسوخ کرنے کی اطلاع آئے تو آپ نے نہیں ماننا، عوام چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی کیلئے ضرور گھروں سے نکلیں۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ کسی کو سمجھ نہیں آ رہی 7 بجے ملاقات کیسے ہوئی ہوگی، جیل میں اسٹیبلشمنٹ کے بغیر کچھ ممکن نہیں، صبح 7 بجے جیل میں ملاقات ہونا ہمارے لئے بھی عجیب بات تھی، عمران خان کو اعظم سواتی نے مذہبی جماعتوں کے احتجاج کا بتایا یا ان کو پہلے پتہ تھا دونوں چیزیں ممکن ہیں، آڈیو میری تھی، ہم سب حیران تھے اچانک کیسے جلسہ ملتوی ہو گیا۔