کچے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا، محسن نقوی سمیت اعلیٰ حکام کی شرکت

Aug 23, 2024 | 15:57:PM
کچے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا، محسن نقوی سمیت اعلیٰ حکام کی شرکت
سورس: 24news
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  (24 نیوز) رحیم یار خان میں کچے میں ڈاکوؤں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی ۔

نمازجنازہ میں وزیر داخلہ محسن نقوی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل ، ڈی جی رینجرز پنجاب، سیکرٹری داخلہ پنجاب ، آر پی او بہاولپور، کمشنر بہاولپور، ڈی آئی جی سکھر، ڈی پی او ، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان اور سول و عسکری حکام نے شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شریک ہوئے ۔

شہدا کے اہل خانہ بھی نمازجنازہ میں موجود تھے،  اس سے قبل  جسد خاکی قومی پرچم میں لپیٹ کر ایمبولینسز کے ذریعے پولیس لائنز پہنچائے گئے۔

بعدازاں وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کے ایصال ثواب کیلئے دعا اور فاتحہ خوانی کی، وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کچے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں نے عظیم مقصد کے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، شہداء ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

اس سے قبل آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان  پہنچے اور ڈاکوؤں کے حملہ میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔

 آئی جی پنجاب نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں نے ملک و قوم کے لئے ہمیشہ عظیم قربانیاں پیش کی ہیں، کچہ ایریا اور سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں، ڈاکوؤں اور شر پسند عناصر کے حملوں کے چیلنجز کا سامنا کیا ہے، پنجاب پولیس کچہ کے ڈاکوؤں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات کچے کے علاقے ماچھکہ کیمپ میں ڈاکوؤں نے پولیس کے قافلے پر بڑا حملہ کیا تھا ،اس حملے میں 12 اہلکار موقع پر شہید جبکہ 8 زخمی ہوئے تھے، ڈاکوؤں نے فائرنگ کے ساتھ ساتھ راکٹ بھی داغے، حملے میں 6 اہلکار زخمی ہوئے  جبکہ 5 اہلکار لاپتہ ہوئے تھے جنہیں بعد میں ریسکیو کر لیا گیا۔