(24 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کچے کے علاقے میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آوروں سے بدلہ لینے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت رحیم یار خان ایئرپورٹ پر اعلی سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب، ڈی جی رینجرز پنجاب، سی ٹی ڈی پنجاب، پنجاب و سندھ پولیس کے اعلی حکام نے شرکت کی، اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی کوکچے کے علاقے میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے بارے میں پنجاب پولیس، پنجاب رینجرز اور سندھ پولیس کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں آپریشنل فورس کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے آپریشن میں حصہ لینے والی فورس کو جدید ہتھیاروں اور سیفٹی آلات سے لیس کرنے، آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں، انہوں نے کچے کے شرپسندوں کے خلاف مؤثر کورآرڈینیٹڈ آپریشن کا حکم بھی جاری کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ نے عالیہ حمزہ کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوسناک واقعہ رونما ہوا اور ہمارے 12 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، حملہ آوروں سے بدلہ لینے کے لئے آخری حد تک جائیں گے، اپنے بہادر سپوتوں کے خون کا بدلہ لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔