(اشرف خان) آٹو سیکٹر سے بری خبر آ گئی، بس اور ٹرک کے پارٹس بنانے والی مشہور کمپنی بولان کاسٹنگ نے پیداواری پلانٹ غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دیا۔
مہنگائی اور افراتفری کے اس عالم میں ایک کے بعد ایک بری خبری سننے کو ملتی ہے، کبھی بجلی مہنگی ہوتی ہے تو کبھی گیس اور اشیائے خورونوش، ٹیکسوں کی بھرمار اور بڑھتی پیداوری لاگت کے باعث آئے روز مختلف صنعتوں کے پیداواری پلانٹس بند ہوتے جا رہے ہیں، اس کشمکش کے عالم میں ٹرک اور بس کے پارٹس بنانے والی کمپنی بولان کاسٹنگ لمیٹڈ نے پیداواری پلانٹ غیر معینہ مدت کے لئے بند کردیا اور کمپنی نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو خط لکھ کرآگاہ بھی کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکسٹائل سیکٹر بحران کا شکار کیوں ہے؟ چیئرمین اپٹما نے بنیادی وجہ بھی بتا دی
بولان کاسٹنگ کمپنی کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن کے مطابق ٹرک اور بس کی فروخت میں نمایاں کمی کی وجہ سے طلب نہ ہونے کے برابر ہے، کمپنی کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پلانٹ 26 اگست 2024 سے غیر معینہ مدت تک بند رہے گا۔
واضح رہے کہ بولان کاسٹنگ کمپنی بس اور ٹرک کے سپئیر پارٹس بناتی ہے۔